پورٹ آف اسپین:پاکستان کے ٹیسٹ کپتان بابر اعظم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ "پلیئر آف دی سیریز” کے ایوارڈز کا ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔
پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میں میزبان ٹیم کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔
بابر اعظم نے سیریز کی 4 اننگز میں 96.50 کی شاندار اوسط کے ساتھ 193 رنز بنائے اور وہ سیریز کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر رہے۔
انہوں نے پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 23 اور دوسری اننگز میں ذمہ دارانہ نصف سنچری اسکور کی اور دوسرے ٹیسٹ میں پہلی اننگز میں 88 رنز کی اہم اننگز جبکہ دوسری اننگز میں 30 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 24 رنز بنا کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔
شاندار پرفارمنس پر بابر اعظم کو ویسٹ انڈیز کے جسٹن گریوز کے ساتھ مشترکہ طور پر "پلیئر آف دی سیریز” قرار دیا گیا۔
یہ بابر اعظم کے ٹیسٹ کیریئر کا پہلا جبکہ مجموعی طور پر 10واں پلیئر آف دی سیریز ایوارڈ ہے (5 ٹی ٹوئنٹی، 4 ون ڈے، 1 ٹیسٹ)۔ اس کامیابی کے ساتھ انہوں نے پاکستان کرکٹ کی تاریخ کے دو عظیم کپتانوں، عمران خان اور وسیم اکرم کے سب سے زیادہ 10، 10 ایوارڈز جیتنے کے ریکارڈ کی برابری کر لی ہے۔
اس فہرست میں لیجنڈری فاسٹ بولر وقار یونس 9 ایوارڈز کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔
