اردو انٹرنیشنل (اسپورٹس ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق اے ایف سی (ایشین فٹ بال کنفیڈریشن) نے کہا ہے کہ بھارت کے کلب موہن بگن کو چیمپئنز لیگ ٹو سے باہر کر دیا گیا ہے کیونکہ وہ ایران میں اپنا میچ کھیلنے نہیں گئے۔
بھارتی کلب موہن بگن سپر جائنٹ کو اس وقت چیمپئنز لیگ ٹو سے باہر کیا گیا جب 2 اکتوبر کو، ایران کی جانب سے اسرائیل پر بیلسٹک میزائل داغے جانے کے ایک دن بعد، کلب نے ایران کے شہر تبریز میں واقع ٹریکٹر ایس سی کے خلاف گروپ مرحلے کے میچ کے لیے ایران جانے سے انکار کردیا۔
ایشین فٹ بال کنفیڈریشن نے پیر کو ایک بیان میں کہا کہ موہن بگن کے میچز اب منسوخ سمجھے جائیں گے ۔
ایران نے یکم اکتوبر کو اسرائیل پر 180 سے زائد بیلسٹک میزائل فائر کیے، جس کے بعد اسرائیل نے جوابی کارروائی کرنے کا اعلان کیا تھا۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق، موہن بگن کے کئی کھلاڑیوں نے انتظامیہ کو خط لکھا اور ایران جانے سے متعلق سیکیورٹی خدشات کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ٹیم شمال مغربی ایران میں ٹریکٹر کے آبائی شہر جائے گی، تو ان کی حفاظت خطرے میں ہو سکتی ہے کیونکہ یہ وہ علاقہ ہے جہاں سے میزائل داغے گئے تھے۔