اسلام آباد: نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی  نے قومی کرکٹرز کے موبائل فونز سے حاصل ہونے والا ڈیٹا کی جانچ پڑتال کے لیے محمد رضوان اور امام الحق سمیت تین کھلاڑیوں کو باضابطہ طور پر طلب کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ  نے پہلے ان کھلاڑیوں کے موبائل فون اپنے پاس محفوظ کر کے متعلقہ تحقیقاتی اداروں کو روانہ کیے تھے، جس کے بعد اب این سی سی آئی اے نے قانونی کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے متعلقہ کرکٹرز کو نوٹس جاری کیے ہیں۔

تاہم، پی سی بی کی جانب سے کھلاڑیوں کے موبائل فونز حاصل کرنے یا ضبط کرنے کی وجوہات پر تاحال کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا ہے۔

واضح رہے کہ حالیہ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے ابتدائی دو میچوں میں قومی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کے بعد پی سی بی نے ہنگامی اقدامات کرتے ہوئے سات کھلاڑیوں اور کوچز کو اسکواڈ سے ڈراپ کر دیا تھا، جن میں محمد رضوان اور امام الحق بھی شامل ہیں۔

ترجمان کے مطابق تحقیقاتی ادارے موصول شدہ موبائل ڈیٹا کی روشنی میں مزید کارروائی کو آگے بڑھائیں گے۔