اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) دی نیوز نے اپنی خبر میں رپورٹ کیا ہےکہ اقتصادی تعاون تنظیم نے امریکا اور ایران کے درمیان جنگ کے خاتمے کے لیے پاکستان اور قطر کی سفارتی کوششوں کی حمایت کرتے ہوئے تنازع کے باوقار، مستقل اور پائیدار حل پر زور دیا ہے۔
تنظیم کے جاری کردہ اسلام آباد اعلامیے میں ایران کی جانب سے پیش کیے گئے اقدام کا بھی خیرمقدم کیا گیا، جس کا مقصد جنگ کا مکمل اور مستقل خاتمہ ہے۔
اعلامیے کے مطابق ای سی او نے پاکستان کی جانب سے اسلام آباد امن مذاکرات کے انعقاد، مفاہمت کی یادداشت اور معاہدے کے بعد سوئٹزرلینڈ کے شہر برگن اسٹاک میں ہونے والی بات چیت میں شرکت کو اہم سفارتی کوششیں قرار دیا۔
تنظیم نے قطر کے کردار کو بھی سراہا، جس نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے دوران تنازع کے حل کے لیے سفارتی رابطوں میں حصہ لیا۔
ای سی او نے یکطرفہ جبری اقدامات کی مخالفت کرتے ہوئے علاقائی تعاون اور سفارت کاری کے ذریعے مسائل حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
تنظیم کے مطابق خطے میں امن اور استحکام معاشی ترقی، تجارت اور باہمی رابطوں کے فروغ کے لیے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔
اعلامیے میں ای سی او کے اسٹریٹجک اہداف 2035 کا حوالہ دیتے ہوئے رکن ممالک کے درمیان تجارت، توانائی، ٹرانزٹ راہداریوں اور اقتصادی تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا۔
تہران میں ہونے والے 18ویں ای سی او سربراہی اجلاس، اقتصادی تعاون کے تجارتی معاہدے، خصوصی اقتصادی زونز اور علاقائی رابطہ کاری کے منصوبوں کو بھی اہم قرار دیا گیا۔
باکو میں صاف توانائی مرکز کے قیام، مصنوعی ذہانت اور موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت بھی اجاگر کی گئی۔
تنظیم نے غزہ کی صورتحال پر بھی تشویش ظاہر کی، جہاں 6 نومبر کو دیر البلح میں بارشوں کے باعث بے گھر فلسطینیوں کے خیموں اور عارضی پناہ گاہوں کو نقصان پہنچا۔
اعلامیے میں امدادی ضروریات پوری کرنے، جبری بے دخلی روکنے اور اکتوبر 2025 میں طے پانے والی جنگ بندی پر عمل درآمد یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔
پاکستان 2026-27 کے لیے ای سی او کی صدارت سنبھال رہا ہے، جس کا موضوع ’علاقائیت کی بحالی، مضبوط اور لچکدار ای سی او کے لیے‘ مقرر کیا گیا ہے۔
پاکستان نے تنظیم کے پلیٹ فارم کو علاقائی تجارت، روابط اور مشترکہ ترقی کے فروغ کے لیے مؤثر بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
