اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ایکسپریس ٹریبیون کی خبر کے مطابق پاکستان میں موبائل انٹرنیٹ صارفین کو ایک دلچسپ صورتحال کا سامنا ہے؛ ملک میں فور جی کی اوسط ڈاؤن لوڈ رفتار معمولی بہتر ہوئی ہے، لیکن ویڈیو اسٹریمنگ کا معیار نمایاں طور پر گر گیا ہے۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے اوپن سگنل بینچ مارکنگ ڈیٹا کے مطابق ملک میں 4فور جی ڈاؤن لوڈ اسپیڈ پہلی سہ ماہی کی 18.6 ایم بی پی ایس سے بڑھ کر دوسری سہ ماہی میں 18.9 ایم بی پی ایس ہوگئی۔
تاہم اپ لوڈ رفتار 5.81 ایم بی پی ایس سے کم ہوکر 5.32 ایم بی پی ایس رہ گئی، جبکہ ویڈیو اسکور 44.97 سے گر کر 37.53 ہوگیا۔
دوسری جانب گیمنگ کا اسکور 40.93 سے بڑھ کر 43.85 ہوگیا۔ صارفین نے مجموعی طور پر اپنے کنیکٹڈ وقت کا 93.67 فیصد 4G پر گزارا، جو گزشتہ سہ ماہی کے 94.21 فیصد کے مقابلے میں معمولی کمی ہے۔
یہ اعداد و شمار 2026 کی دوسری سہ ماہی کے 90 دن کے دوران صارفین سے حاصل کیے گئے ڈیٹا پر مبنی ہیں۔ اوپن سگنل نے اندرون و بیرون عمارت، مصروف اور غیرمصروف اوقات میں حقیقی استعمال کو مدنظر رکھا۔
رپورٹ کے مطابق کسی بھی بڑے آپریٹر کا ویڈیو اسکور بہتر نہیں ہوا۔ جاز کا اسکور 47.00 سے 41.51، زونگ کا 47.06 سے 41.66، یوفون کا 42.33 سے 36.64 اور ٹیلی نار کا 34.84 سے 30.3 ہوگیا۔
ڈاؤن لوڈ اسپیڈ میں جاز تقریباً مستحکم رہا، جو 17.62 سے 17.61 ایم بی پی ایس پر آگیا، جبکہ زونگ 18.62 سے 18.55 ایم بی پی ایس پر رہا۔ ٹیلی نار کی رفتار 6.66 سے 7.5 ایم بی پی ایس اور یو فون کی 12.36 سے 12.82 ایم بی پی ایس ہوگئی۔
رپورٹ یہ بھی ظاہر کرتی ہے کہ موبائل فون کی قسم کارکردگی پر اثر ڈالتی ہے۔ تمام ڈیوائسز پر قومی اوسط ڈاؤن لوڈ اسپیڈ 18.9 ایم بی پی ایس رہی، جبکہ ہائی اینڈ فونز پر یہ 31.3 ایم بی پی ایس تھی، جو پہلی سہ ماہی کے 30.2 ایم بی پی ایس سے زیادہ ہے۔
قومی سطح پر زونگ نے 18.55 ایم بی پی ایس ڈاؤن لوڈ، 7.81 ایم بی پی ایس اپ لوڈ اور 96.59 فیصد وقت آن نیٹ ورک کے ساتھ نمایاں کارکردگی دکھائی۔ اس کا ویڈیو اسکور 41.66 رہا۔
جاز کی ڈاؤن لوڈ رفتار 17.61 ایم بی پی ایس اور اپ لوڈ 6.26 ایم بی پی ایس تھی، جبکہ نیٹ ورک پر وقت 93.33 فیصد رہا۔
یوفون کی ڈاؤن لوڈ رفتار 12.82 ایم بی پی ایس، اپ لوڈ 4.42 ایم بی پی ایس، ویڈیو اسکور 36.64 اور گیمنگ اسکور 50.08 رہا۔
ٹیلی نار چاروں بڑے قومی ڈاؤن لوڈ، اپ لوڈ، ویڈیو اور گیمنگ پیمانوں میں آخری نمبر پر رہا۔ اس کی ڈاؤن لوڈ رفتار 7.5 ایم بی پی ایس، اپ لوڈ 2.82 ایم بی پی ایس ویڈیو 30.3 اور گیمنگ 37.88 رہی۔
شہری سطح پر صورتحال مختلف رہی۔ اسلام آباد میں جاز کی ڈاؤن لوڈ رفتار 20.86 ایم بی پی ایس اور ویڈیو اسکور 50.22 رہا، جبکہ کوئٹہ میں جاز کی رفتار 22.41 ایم بی پی ایس ریکارڈ ہوئی۔
زونگ نے لاہور میں 21.26 ایم بی پی ایس، ملتان میں 21.6 Mbps اور کراچی میں 18.27 ایم بی پی ایس ڈاؤن لوڈ اسپیڈ حاصل کی۔ کراچی میں جاز کا ویڈیو اسکور 47.18 جبکہ یوفون کا گیمنگ اسکور 56.03 رہا۔
ٹیلی نار کی سب سے کمزور شہری کارکردگی گوادر میں دیکھی گئی جہاں ڈاؤن لوڈ اسپیڈ 3.87 ایم بی پی ایس، اپ لوڈ 1.27 ایم بی پی ایس، ویڈیو اسکور 13.75 اور وقت آن نیٹ ورک 59.18 فیصد رہا۔
