China and the EU agree to talks to reduce trade disputes; Beijing demands the lifting of discriminatory restrictions.

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) گلوبل ٹائمزکی رپورٹ کے مطابق چین اور یورپی یونین کے درمیان تجارت اور اقتصادی تعلقات پر جاری اختلافات کے دوران چینی وزیر تجارت وانگ وین تاؤ نے یورپی کمشنر برائے تجارت و اقتصادی سلامتی ماروش شیفچووچ سے ویڈیو لنک پر اہم گفتگو کی ہے۔

چینی وزارت تجارت کے مطابق یہ رابطہ جمعرات کو یورپی کمشنر کی درخواست پر ہوا، جس میں چین اور یورپی یونین کے اقتصادی و تجارتی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

چینی ماہرین کے مطابق یورپی یونین کی جانب سے مذاکرات کی خواہش اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ دونوں معیشتوں کے درمیان گہرا باہمی انحصار موجود ہے اور اختلافات کو مذاکرات کے ذریعے منظم کرنے کی ضرورت ہے۔ تاہم ان کا کہنا ہے کہ بات چیت کے ساتھ عملی پالیسی اقدامات بھی ضروری ہیں۔

چین نے یورپی یونین پر زور دیا ہے کہ وہ چینی کمپنیوں کے خلاف امتیازی پابندیاں کم کرے اور انہیں منصفانہ، شفاف اور غیر امتیازی کاروباری ماحول فراہم کرے۔

یورپی کمیشن کی صدر ارسولا وان ڈیر لاین نے بدھ کو کہا تھا کہ یورپی یونین چین کے ساتھ ’ناقابل برداشت‘ تجارتی خسارے کو کم کرنے کے لیے تمام ممکنہ ذرائع استعمال کرے گی۔ رائٹرز کے مطابق گزشتہ سال یورپی یونین کو چین کے ساتھ اشیا کی تجارت میں روزانہ تقریباً ایک ارب یورو، یعنی سالانہ تقریباً 365 ارب یورو، خسارہ ہوا۔

چین چیمبر آف کامرس ٹو یورپی یونین نے اس مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس سے یورپی صنعتی کمزوری کے بنیادی ڈھانچہ جاتی مسائل نظر انداز ہوتے ہیں۔

یورپی کمیشن نے حال ہی میں پبلک پروکیورمنٹ ایکٹ کی تجویز دی ہے، جس کے تحت توانائی، پانی، ریلوے، بندرگاہوں، ہوائی اڈوں اور ڈاک سمیت بعض شعبوں میں یورپی کمپنیوں کو ترجیح دینے کی گنجائش ہوگی۔ چین نے اس اقدام پر تشویش ظاہر کی ہے۔

چین کے مطابق رواں سال یورپی یونین نے سائبر سکیورٹی ایکٹ، انڈسٹریل ایکسیلیریٹر ایکٹ اور پبلک پروکیورمنٹ ایکٹ میں تبدیلیاں کی ہیں، جن سے چینی حکام کے مطابق مارکیٹ تک رسائی محدود ہوسکتی ہے۔

سابق چینی وزارت تجارت کے ادارے کے سربراہ ہوو جیانگوا نے کہا کہ ایسی پابندیاں یورپ کے ساختی مسائل حل نہیں کریں گی بلکہ لاگت بڑھا سکتی ہیں۔ فودان یونیورسٹی کے ماہر جیان جونبو نے بھی مذاکرات کو اختلافات کو بڑھنے سے روکنے کے لیے اہم قرار دیا۔

چین کے کسٹمز کے مطابق 2026 کے پہلے 8 ماہ میں چین اور یورپی یونین کی دوطرفہ تجارت 608.09 ارب ڈالر رہی، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 12.4 فیصد زیادہ ہے۔