اسلام آباد: لارڈز ٹیسٹ میں شکست اور سیریز گنوانے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ٹیم میں ہنگامی بنیادوں پر بڑی تبدیلیاں کرتے ہوئے وکٹ کیپر محمد رضوان اور اوپنر امام الحق کو پاکستان واپس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق لارڈز کے تاریخی میدان پر 194 رنز کی شکست اور انگلینڈ کی جانب سے تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرنے کے بعد لندن میں ٹیم مینجمنٹ کی ہنگامی میٹنگ ہوئی۔

اس میں کھلاڑیوں کی کارکردگی پر کڑے سوالات اٹھائے گئے۔

برمنگھم میں 9 ستمبر سے شروع ہونے والے تیسرے اور آخری ٹیسٹ کے لیے صائم ایوب اور عرفات منہاس کو اسکواڈ میں طلب کیے جانے کا امکان ہے، جبکہ امام الحق کی انجری کے حوالے سے بورڈ نے باضابطہ تحقیقات کا فیصلہ بھی کیا ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان کو 16 سال بعد لارڈز کے میدان میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔