28 دسمبر 2023 کو میلبورن میں جاری ٹیسٹ میچ میں، پاکستان کے بائیں ہاتھ کے فاسٹ باؤلنگ جوڑی، شاہین شاہ آفریدی اور میر حمزہ نے تجربہ کار آسٹریلوی بیٹنگ لائن اپ کے خلاف اہم پیشرفت کرتے ہوئے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ دن کے کھیل کے اختتام پر، آسٹریلیا 187کے رنز پر 6 کھلاڑی آؤٹ ہیں جبکہ آسٹریلیا نے پاکستان کو 264 رنز پر آل آؤٹ کر دیا تھا۔
دن کے آغاز میں پاکستان کے 194 پر چھ آؤٹ تھے ، جبکہ ، محمد رضوان اور عامر جمال کریز پر موجود تھے ۔ دونوں نے 45 رنز کی اہم شراکت قائم کی، جو اننگز میں پاکستان کے لیے دوسری سب سے بڑی شراکت ہے۔رضوان 51 گیندوں پر 42 رنز اسکور کر کے پیٹ کمنز کی گیند پر آؤٹ ہوئے جس میں ایک چوکا اور ایک چھکا بھی شامل تھا ۔
اس کے بعد شاہین اور عامر کے درمیان آٹھویں وکٹ پر 25 رنز کی شراکت نے پاکستان کے خسارے کو کم کرنے میں مدد کی۔ تاہم، نیتھن لیون نے شاہین (21 رنز، 28 گیندوں، 4 چوکوں) کو ایل بی ڈبلیو کر کے آؤٹ کر دیا، اس وقت پاکستان کے 70 اوور میں 240 اسکور پر 8 آؤٹ ہوگئے تھے ۔
اس کے بعد کمنز نے حسن علی کو آؤٹ کر کے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 10ویں پانچ وکٹیں حاصل کیں، اور میر حمزہ کی (2 رنز، 3 گیندیں) گرنے والی آخری وکٹ تھی جب پاکستان نے اپنی اننگز 73.5 اوورز میں 264 رنز پر سمیٹی۔ چار وکٹیں لینے والے لیون نے پاکستانی اننگز کو سمیٹنے میں اہم کردار ادا کیا۔
میلبورن میں ایک دلچسپ کرکٹ مقابلے میں، پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی اور میر حمزہ نے آسٹریلیا کے خلاف نئی گیند سے تباہی مچاتے ہوئے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا۔ میچ اس وقت دلچسپ موڑ میں داخل ہوا جب نئی گیند کے ساتھ شاہین کا جادو شروع ہوا جس کے نتیجے میں ابتدائی اوور میں عثمان خواجہ اور تیسرے اوور کی آخری گیند پر مارنس لیبوشگن کیچ آؤٹ ہو گئے۔
میر حمزہ نے لنچ کے بعد سینٹر اسٹیج لیتے ہوئے ایک ڈبل وکٹ میڈن پیش کیا جس سے آسٹریلیا کے صرف 16 اسکور پر 4 آؤٹ ہوگئے ۔حمزہ نے سب سے پہلے ڈیوڈ وارنر کے اسٹمپ کو پرفیکٹ ڈلیوری کے ساتھ جھنجوڑ دیا اور اسی اوور میں انہوں نے ٹریوس ہیڈ کو صفر پر کیچ آؤٹ کیا ۔ اس افراتفری میں اسٹیو اسمتھ اور مچل مارش نے مثالی بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اہم شراکت قائم کی جس نے آسٹریلیا کے مجموعی اسکور میں 153 رنز کا اضافہ کیا۔ میر حمزہ نے مچل مارش اور اسٹیون اسمتھ کے درمیان اہم شراکت کو توڑ کر اہم کردار ادا کیا۔ سلمان علی آغا کے کیچ نے مارش کی شاندار اننگز کا خاتمہ کیا، مارش 130 گیندوں پر 96 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس میں 13 چوکے بھی شامل تھے اور یوں میر حمزہ نے مارش کے سینچری کے خواب کو چکنا چور کردیا ۔
اسمتھ، ایک زبردست نصف سنچری (50 رنز، 176 گیندوں، 3 چوکوں) کے بعد شاہین شاہ آفریدی کے جال میں پھنس گئے، اور دن کے کھیل کا اختتام آخری گیند پر ان کے آؤٹ ہونے پر ہوا۔ وکٹ کیپر بلے باز ایلکس کیری 16 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے اور آسٹریلیا نے دن کا اختتام 62.3 اوورز میں 187-6 پر مکمل کر کے 241 رنز کی برتری حاصل کر لی۔
اسکور کا خلاصہ:
آسٹریلیا – 96.5 اوورز میں 318 آل آؤٹ
(مارنس لیبوشگن 63، عثمان خواجہ 42، مچل مارش 41؛ عامر جمال 3-64، میر حمزہ 2-51، حسن علی 2-61، شاہین شاہ آفریدی 2-85، سلمان علی آغا 1-2۔ -22)
آسٹریلیا – 62.3 اوورز میں 187-6
(مچل مارش 96، اسٹیون اسمتھ 50؛ میر حمزہ 3-27، شاہین شاہ آفریدی 3-58)
پاکستان – 73.5 اوورز میں 264 آل آؤٹ
(عبداللہ شفیق 62، شان مسعود 54، محمد رضوان 42؛ پیٹ کمنز 5-48، نیتھن لیون 4-73، جوش ہیزل ووڈ 1-43)