Bangladesh angry over Indian immigration officials' behavior, PM's advisor returns
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) دی ہندوکی رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش کے عبوری وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر زاہد الرحمٰن کو نئی دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر امیگریشن حکام کی جانب سے کئی گھنٹے روکے جانے کے بعد بنگلہ دیش نے بھارت سے باضابطہ احتجاج ریکارڈ کرا دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈاکٹر زاہد الرحمٰن ایک علاقائی اجلاس میں شرکت کے لیے بھارت پہنچے تھے، تاہم ائیرپورٹ پر اضافی سیکیورٹی جانچ اور پوچھ گچھ کے باعث انہیں طویل انتظار کرنا پڑا۔ بعد ازاں انہوں نے اپنا دورہ منسوخ کرتے ہوئے واپس ڈھاکا جانے کا فیصلہ کیا۔
ڈاکٹر زاہد الرحمٰن نے واقعے کے بعد کہا کہ انہیں ائیرپورٹ پر جس صورتحال کا سامنا کرنا پڑا وہ ان کے لیے باعثِ حیرت اور توہین آمیز تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام سفارتی اور سفری دستاویزات پیشگی طور پر متعلقہ حکام کو فراہم کی جا چکی تھیں۔
بنگلہ دیشی وزارت خارجہ نے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کیا اور احتجاجی مراسلہ حوالے کیا۔ وزارت کے مطابق ایسے رویے سے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی آداب اور باہمی اعتماد متاثر ہو سکتا ہے۔
دوسری جانب بھارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ معمول کی سیکیورٹی جانچ کے دوران اضافی تصدیق کی ضرورت پیش آئی تھی، جس کے باعث تاخیر ہوئی۔ تاہم بھارتی حکومت کی جانب سے اس معاملے پر باضابطہ تفصیلی بیان جاری نہیں کیا گیا۔



