اردو انٹرنیشنل (اسپورٹس ویب ڈیسک) تفسیلات کے مطابق شام میں صدر بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے کے بعد اہم تبدیلیاں دیکھنے میں آئیں، جن میں فٹ بال کے شعبے میں بھی انقلابی اقدامات شامل ہیں۔ باغیوں کی جانب سے دارالحکومت دمشق پر قبضے اور صدر اسد کے روس فرار ہونے کے بعد، شامی فٹ بال فیڈریشن نے قومی ٹیم کی وردی اور لوگو کا رنگ سرخ سے سبز کر دیا۔
شامی فٹ بال فیڈریشن نے فیس بک پر اپنی پوسٹ میں قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کی سبز وردی میں تصاویر شائع کیں اور اس تبدیلی کو “شام کے کھیلوں کی تاریخ میں پہلی تاریخی تبدیلی” قرار دیا۔ فیڈریشن نے مزید کہا کہ یہ اقدام اقربا پروری، جانبداری اور بدعنوانی سے پاک ایک نئے دور کی علامت ہے۔
یہ تبدیلی اس وقت منظر عام پر آئی جب باغیوں نے اتوار کے روز دمشق پر بلا مقابلہ قبضہ کیا، جس کے بعد صدر بشار الاسد نے روس کی طرف راہ فرار اختیار کی۔ یہ پیش قدمی شام کی 13 سالہ خانہ جنگی اور الاسد خاندان کی چھ دہائیوں پر محیط حکمرانی کے خاتمے کی علامت ہے۔
شامی عوام اور باغیوں نے اس تبدیلی کو نئے دور کے آغاز کے طور پر خوش آئند قرار دیا، جہاں ملک کے کھیلوں کے شعبے کو غیرجانبداری اور شفافیت کے اصولوں پر استوار کیا جائے گا۔