اردوانٹرنیشنل (اسپورٹس ڈیسک) تفصیلات کے مطابق ہندوستانی میڈیا نے منگل کو رپورٹ کیا کہ ہندوستان کی بلائنڈ کرکٹ ٹیم آئندہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 سے دستبردار ہوگئی ہے، جو پاکستان میں 23 نومبر سے 3 دسمبر تک منعقد ہونا ہے ۔
ایک رپورٹ کے مطابق، ہندوستان کی ٹورنامنٹ سے دستبرداری اس وقت ہوئی جب وزارت خارجہ نے انہیں عالمی ایونٹ کے لیے سرحد پار کرنے سے انکار کردیا۔
کرکٹ ایسوسی ایشن فار دی بلائنڈ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے جنرل سکریٹری شیلیندر یادو نے ایک ہندوستانی خبر رساں ادارے کو اس پیشرفت کی تصدیق کی۔
یادو نے اشتراک کیا کہ وزارت کھیل سے عدم اعتراض سرٹیفکیٹ (این او سی) حاصل کرنے کے بعد، ایسوسی ایشن حکومت کی منظوری کا انتظار کر رہی تھی تاہم، تازہ ترین پیشرفت کے مطابق، وزارت خارجہ نے نابینا ٹیم کو پاکستان میں آئندہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 میں شرکت کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔
یادو نے کہا کہ ہم گزشتہ 25 دنوں سے حکومت سے پاکستان جانے کی اجازت کا انتظار کر رہے تھے اب ہم مزید انتظار نہیں کر سکتے کیونکہ ٹورنامنٹ شروع ہونے والا ہے.
جب میں نے وزارت خارجہ سے فون پر بات کی تو انہوں نے ہمیں بتایا کہ ہمیں پاکستان جانے کی اجازت نہیں ملے گی اور ہم آپ کا ٹورنامنٹ منسوخ کر سکتے ہیں۔
انہوں نے ہمیں یہ بھی بتایا کہ ہمیں انکار کا ایک سرکاری خط بھی ملے گا تاہم، ہمیں ابھی تک کوئی سرکاری خط نہیں ملا ہے لیکن وزارت خارجہ کے ساتھ ہماری بات چیت کی بنیاد پر ہم نے پاکستان نہ جانے کا فیصلہ کیا ہے اور ہم بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت نہیں کریں گے۔