اردو انٹرنیشنل (اسپورٹس ویبڈیسک) تفصیلات کے مطابق سان مارینو، جو دنیا کی سب سے نچلی درجہ بندی والی فٹبال ٹیم ہے، نے نیشنز لیگ کے تیسرے درجے میں ترقی حاصل کرکے تاریخ رقم کر دی۔ انہوں نے لیخ شنشٹائن کو شکست دے کر پہلی مرتبہ کسی مسابقتی میچ میں تین گول کیے اور ایک سے زیادہ گول کرنے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔
سان مارینو کی اس سے پہلے کی دو جیتیں بھی لیخ شنشٹائن کے خلاف تھیں، جن میں ایک دوستانہ میچ 2004 میں اور دوسرا نیشنز لیگ کا میچ اس سال ستمبر میں اور یہ دونوں میچ سان مارینو نے 1-0 سے جیتے تھے۔ فیفا کی درجہ بندی میں 210ویں نمبر پر موجود اس ملک نے اب تک اپنے 211 میچوں میں سے 199 میں شکست کھائی ہے۔
سان مارینو کے کوچ، روبرٹو سیولی، جو کہ گزشتہ سال ٹیم کے ساتھ جڑے تھے انہوں نے 10 میچوں میں سے دو فتوحات حاصل کی ہیں۔ اس کامیابی میں خاص بات یہ ہے کہ یہ پہلی بار ہے کہ سان مارینو نے کسی میچ میں پیچھے رہ کر جیت حاصل کی ہے۔
اس میچ میں لیخ شنشٹائن نے شروع میں برتری حاصل کی جب ایرون سیل نے باکس کے باہر سے شاندار گول کیا۔ وقفے کے فوراً بعد سان مارینو کے کھلاڑی لورینزو لازاری نے ایک عمدہ گیند کو گول میں بدل کر میچ برابر کر دیا۔ اس کے بعد نکولا نینی نے پنالٹی پر گول کرکے سان مارینو کو برتری دلائی اور پھر الیساندرو گولینوچی نے 10 گز سے ایک بہترین شاٹ لگا کر ٹیم کی تاریخی فتح کو یقینی بنایا۔
نینی اب تین گول کے ساتھ سان مارینو کے دوسرے ٹاپ اسکورر بن گئے ہیں، جبکہ لازاری اورالیگزینڈرو گولینوچی بھی ان چھ کھلاڑیوں میں شامل ہوگئے ہیں جنہوں نے سان مارینو کے لیے ایک سے زیادہ گول کیے ہیں۔
میچ کے بعد جیسے ہی آخری سیٹی بجی، سان مارینو کے بینچ کے کھلاڑی جشن منانے کے لیے میدان میں دوڑ پڑے اوراسٹیڈیم میں موجود چند مداحوں نے بھی خوشی کا بھرپور اظہار کیا۔ سان مارینو فٹبال فیڈریشن کے صدر مارکو ٹورا نے کہا، “ان لڑکوں نے آج رات تاریخ بنائی ہے۔ میں ان کی کارکردگی پر جذباتی ہو گیا۔”
اس فتح کے ساتھ سان مارینو نے جبرالٹر کے اوپر ایک پوائنٹ کے فرق سے تیسرے درجے میں پروموشن حاصل کی، جس نے نینی کی انجری ٹائم پنالٹی کی بدولت اپنے آخری میچ میں 1-1 سے ڈرا کیا تھا۔ دوسری جانب، لیخ شنشٹائن نے آخری مرتبہ 2020 میں کوئی مسابقتی جیت حاصل کی تھی، جس میں انہوں نے سان مارینو کو 2-0 سے شکست دی تھی۔