غزہ کی انسانی صورتحال ‘تباہ کن’ سطح کے قریب ہے،قازق صدر
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایف نے کہا ہے کہ غزہ میں انسانی صورتحال “تباہ کن” سطح پر پہنچ رہی ہے اور مشرق وسطیٰ کی صورت حال “شدید تشویشناک” ہے۔
قازق صدر نے پیر کو قازقستان کے سب سے بڑے شہر الماتی میں اجتماعی سلامتی کے معاہدے کی تنظیم کے رکن ممالک کے ساتھ ایک میٹنگ کے دوران کہا کہ تقریباً تمام بڑی بین الاقوامی تنظیموں نے فلسطین میں انسانی صورتحال کو ناقابل قبول قرار دیا ہے.
انہوں نے کہا کہ خطے کی سلامتی کو درپیش خطرات کا پیمانہ نمایاں طور پر پھیل گیا ہے۔
انہوں نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ غزہ کی پٹی میں روزانہ سینکڑوں افراد شہید اور شدید زخمی ہو رہے ہیں۔
انہوں نے دو ریاستی حل کی بنیاد پر مشرقی یروشلم میں ایک فلسطینی ریاست کے قیام کے حوالے سے قازقستان کے موقف کی توثیق کی۔
صدر نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں فلسطینیوں کے عالمی ادارے میں رکنیت کے حق کو تسلیم کرنے کی قرارداد کی منظوری کا خیرمقدم کیا۔
ملاقات کے دوران توکایف نے افغانستان کی صورتحال پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ اسٹریٹجک کاموں میں سے ایک جنگ زدہ ملک کی بین علاقائی تعلقات میں فعال شمولیت ہے۔