
Why was the notice issued to Multan Sultans?- Multan Sultans (FB)
لاہور: ذرائع کے مطابق پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز ملتان سلطانز کو 10 سالہ معاہدے کی متعدد شقوں کی خلاف ورزی پر پی سی بی کی جانب سے باضابطہ نوٹس جاری کیا گیا ہے بتایا گیا ہے کہ اگر فرنچائز نے نوٹس کا تسلی بخش جواب نہ دیا تو اسے معاہدے کی منسوخی اور بلیک لسٹ ہونے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فرنچائز نے پی ایس ایل 10 سے قبل ہی مہم چلا کر لیگ کی شہرت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی رپورٹ کے مطابق فرنچائز کے مالک نے سوشل میڈیا انٹرویوز اور پوڈکاسٹ میں ایسے بیانات دیے جن کا مقصد لیگ کو ڈی ویلیو کرنا تھا تاکہ آئندہ ویلیو ایشن کم ظاہر ہو۔
مزید بتایا گیا ہے کہ فرنچائز نے ویلیو ایشن کمپنی سے تعاون نہیں کیا اور تاخیری حربے استعمال کیے پی سی بی کے نوٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ فرنچائز نے اپنے کھلاڑیوں کو مخالف کھلاڑیوں کے ہیلمٹ پر بال مارنے کی ترغیب دینے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی، جس میں ایک ہزار ڈالر انعام دینے کا اعلان کیا گیا تھا۔
دوسری جانب ملتان سلطانز کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ علی ترین کا بیان پی ایس ایل کے بہترین مفاد میں تھا تاہم پی سی بی کا مؤقف ہے کہ تمام فرنچائزز نے معاہدے میں یہ شق تسلیم کی تھی کہ کوئی ایسی تنقید نہیں کی جائے گی جس سے لیگ کی ساکھ متاثر ہو۔
ذرائع کے مطابق پی ایس ایل ویلیو ایشن کا عمل آئندہ چند روز میں مکمل ہونے والا ہے، اور موجودہ صورتحال کو لیگ کے لیے انتہائی حساس قرار دیا جا رہا ہے۔






