وقار یونس نے پی سی بی میں اپنے نئے عہدے کا چارج سنبھال لیا
اردو انٹرنیشنل (اسپورٹس ڈیسک )اطلاعات کے مطابق، سابق کپتان وقار یونس نے بدھ کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی کے مشیر برائے کرکٹ امور کا چارج سنبھال لیا ہے۔
وقار کو چیئرمین نے کرکٹ سے متعلق تمام امور کی نگرانی کے لیے مقرر کیا ہے بنگلہ دیش کے خلاف آئندہ ہوم ٹیسٹ سیریز ان کی پہلی اسائنمنٹ ہوگی۔
سابق ہیڈ کوچ 21 اگست سے شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز کی تیاری میں سلیکٹرز اور کوچز کے ساتھ تعاون کریں گے۔
منگل کو یہ خبریں سامنے آئیں کہ پی سی بی محسن نقوی نے کرکٹ کے فیصلے کرنے کا اختیار وقار یونس کو سونپنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع نے مزید دعویٰ کیا کہ نقوی صرف انتظامی امور کی نگرانی کریں گے جبکہ وقار انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک سلیکشن کمیٹیوں، کھلاڑیوں کے نو آبجیکشن سرٹیفکیٹس (این او سی) اور کرکٹ کے دیگر اہم معاملات کے تمام فیصلوں کے ذمہ دار ہوں گے۔
نقوی خود فی الحال آئندہ آئی سی سی مینز چیمپئنز ٹرافی 2025 کے انتظامی امور پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں، جس کی میزبانی پاکستان کرے گی۔
پی سی بی کے آئین 2014 کے مطابق چیئرمین کو اختیار ہے کہ وہ اپنا اختیار کسی کو دے سکتا ہے، اس طرح وقار کو اختیارات کی منتقلی ممکن ہو جاتی ہے۔
وقار اس سے قبل 2003 میں ریٹائر ہونے کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور باؤلنگ کوچ کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔