کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے اپنے ساتھیوں کو خبردار کیا ہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے کینیڈا پر قبضہ کرنے کی دھمکی محض مذاق نہیں بلکہ ایک سنجیدہ معاملہ ہے۔ ٹروڈو کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کینیڈا کی قیمتی معدنیات پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور اسی وجہ سے وہ اسے امریکا کا حصہ بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق، یہ بیان ایک خفیہ میٹنگ کے دوران دیا گیا، جہاں کینیڈین میڈیا کو باہر نکال دیا گیا تھا، لیکن ٹورانٹو اسٹار اور سی بی سی نے ٹروڈو کی گفتگو ریکارڈ کرلی۔
بزنس لیڈرز کو ٹورانٹو میں ایک خفیہ اجلاس میں بتایا گیا کہ ٹرمپ کینیڈا کے معدنی وسائل سے فائدہ اٹھانے کے لیے اسے امریکا کی 51ویں ریاست بنانے کی خواہش رکھتے ہیں، اور کینیڈا کو اس خطرے کو سنجیدگی سے لینا ہوگا۔
ٹروڈو نے مزید کہا کہ امریکا کو معلوم ہے کہ کینیڈا کے پاس قیمتی وسائل موجود ہیں، اور وہ ان کا استعمال کرنا چاہتا ہے۔ ٹرمپ کا خیال ہے کہ ان وسائل تک پہنچنے کا سب سے آسان طریقہ کینیڈا کو امریکا میں ضم کرنا ہے۔