اردو انٹرنیشنل اسپورٹس ویب ڈیسک تفصیلات کے مطابق ٹوٹنہم ہاٹسپر نے یوروپا لیگ مہم کا آغاز قرہ باغ کے خلاف زبردست فتح کے ساتھ کیا، ٹوٹنہم ہاٹسپر اسٹیڈیم میں سفری مسائل کے باعث 35 منٹ تاخیر سے شروع ہونے والے اس میچ میں ٹوٹنہم کو ایک اور مشکل کا سامنا کرنا پڑا جب کھیل کے 7ویں منٹ میں ان کے ڈیفنڈر ، راڈو ڈریگوسن، نے جونینو نامی کھلاڑی کو روکا جو گول کرنے کے قریب تھا۔ اس پر ریفری نے انہیں سیدھا ریڈ کارڈ دکھا کر میدان سے باہر کر دیا۔ جس سے وہ 10 کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے پر مجبور ہوگئے۔
اس کے باوجود ٹوٹنہم نے کھیل کا پہلا گول کیا۔ برینن جانسن نے قرہ باغ کی دفاعی غلطی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے 12ویں منٹ میں گول کیا۔ یہ ان کا مسلسل تین میچوں میں تیسرا گول تھا۔ 52 ویں منٹ میں، پاپے سار نے ایک اور گول کیا۔
اس کے تھوڑی دیر بعد، قرہ باغ کو گول کرنے کا موقع ملا جب انہیں پنالٹی ملی، لیکن تورل بیراموف کا شاٹ کراس بار سے ٹکرا گیا، اور وہ گول کرنے میں ناکام رہے۔
آذربائیجان پریمیئر لیگ کے چیمپیئن قرہ باغ نے گول کرنے کے کئی مواقع بنائے، لیکن ٹوٹنہم کے گول کیپر گگلیلمو ویکاریو نے شاندار سیو کرکے ان کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ۔ قراباغ کے پاس وہ مہارت نہیں تھی جو اینج پوسٹیکوگلو کی ٹیم نے گول کرنے کے لیے دکھائی۔
بلآخر ٹوٹنہم کی جانب سے 68 ویں منٹ میں، سولنکے نے میچ کا آخری گول کیا۔ جب سون ہیونگ من کی دور سے کی گئی شاٹ کو گول کیپر میٹیوز کوچلسکی نے روکا، تو گیند سولنکے کے پاس آ گئی، اور اس نے اعتماد کے ساتھ گول کر دیا۔ اور یوں ٹوٹنہم نے 3-0 سے میچ جیت لیا ۔