اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) دی نیوز نے اپنی خبر میں رپورٹ کیا ہےکہ دنیا کی معروف کمپنیوں کی 178 ویب سائٹس ایک بڑے سائبر حملے کا نشانہ بنی ہیں، جس میں ہیکرز نے نقصان دہ سافٹ ویئر کے ذریعے کرپٹو کرنسی، بینک کارڈز کی معلومات اور صارفین کے براؤزر ڈیٹا تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کی۔
اس حملے میں ایپل کے آئی فون اور آئی پیڈ صارفین کو نشانہ بنانے والا کوڈ بھی شامل تھا۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق سکیورٹی محقق اسکاٹ ہلمے نے بتایا کہ حملہ آوروں نے ویب سائٹ آپٹیمائزیشن پلیٹ فارم آپٹیمائزلی کی ایک خامی استعمال کرکے اس کے صارفین کے منصوبوں میں نقصان دہ جاوا اسکرپٹ شامل کیا۔
متاثرہ اداروں میں زوم، ایچ ایس بی سی، ایکویفیکس، سی این این، سیلز فورس اور آئی کے ای اے سمیت کئی معروف نام شامل ہیں۔
ہلمے کی ٹیم نے پلیٹ فارم سے منسلک 1,611 جاوا اسکرپٹ فائلوں کا جائزہ لیا، جن میں 188 متاثرہ فائلیں سامنے آئیں۔ یہ فائلیں 178 اداروں سے منسلک تھیں۔
حملہ آوروں نے آپٹیمائزلی کے ’ایکسپیریمنٹیشن‘ پلیٹ فارم کی کمزوری سے فائدہ اٹھایا اور نقصان دہ کوڈ کمپنی کے اپنے مواد کی ترسیل کے نیٹ ورک کے ذریعے ویب سائٹس تک پہنچایا۔
چونکہ یہ نیٹ ورک پہلے سے قابلِ اعتماد تھا، اس لیے صارفین کے براؤزرز نے اس سے آنے والے کوڈ کو بھی قبول کیا۔
محقق کے مطابق اسکرپٹس کا ایک مقصد کرپٹو کرنسی کی ادائیگی کے لیے درج اصل والٹ ایڈریس کو تبدیل کرکے حملہ آوروں کا ایڈریس شامل کرنا تھا۔
اس طرح رقم غلط اکاؤنٹس میں منتقل ہو سکتی تھی۔ کوڈ نے ویب سائٹس پر درج کیے جانے والے ادائیگی کارڈز کی معلومات، براؤزر کوکیز اور صارفین کی اسکرین کے اسکرین شاٹس حاصل کرنے کی کوشش بھی کی۔
اس کے علاوہ آئی فون اور آئی پیڈ کو نشانہ بنانے کے لیے ’کورونا‘ اور ’ڈارک سوورڈ‘ نامی آئی او ایس ایکسپلائٹ ٹولز استعمال کیے گئے۔
سائبر سکیورٹی کمپنی ہڈسن راک نے بھی ان ٹولز سے متعلق انفراسٹرکچر کے شواہد کی نشاندہی کی، تاہم انفرادی ڈیوائسز کے کامیابی سے متاثر ہونے کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی۔
آپٹیمائزلی نے سکیورٹی خامی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اسے دور، متاثرہ منصوبوں سے کوڈ حذف اور متعلقہ اکاؤنٹس محفوظ کر دیے گئے ہیں۔
کمپنی نے مزید حفاظتی اقدامات بھی متعارف کرائے۔ ہلمے کے مطابق پیر کی رات تک تقریباً تمام متاثرہ اسکرپٹس صاف کر دیے گئے تھے، تاہم ایک فائل میں کوڈ باقی تھا۔ حملے کے دوران نقصان دہ کوڈ میں 26 مرتبہ تبدیلی کی گئی۔
سیلز فورس نے احتیاطاً آپٹیمائزلی کے اسکرپٹس بند کیے، جبکہ آئی کے ای اے نے تحقیقات شروع کر دیں۔ ایکویفیکس نے پلیٹ فارم کا استعمال روک دیا اور کہا کہ اس کے اپنے نظام میں کسی مداخلت کا ثبوت نہیں ملا۔
ایچ ایس بی سی نے بھی کہا کہ اس کی ویب سائٹس پر غیرمجاز اسکرپٹس فعال نہیں تھے۔ ایپل، زوم اور سی این این نے فوری طور پر تبصرہ نہیں کیا۔
