اردوانٹرنیشنل (اسپورٹس ڈیسک) تفصیلات کے مطابق خوشدل شاہ نے 2 وکٹ کے ساتھ اپنی تیز رفتار نصف سنچری کی مدد سے لائنزنے چیمپیئنز ٹی ٹوئنٹی کپ کے آٹھویں میچ میں جمعرات کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ڈولفنز کو 35 رنز سے شکست دے دی۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے لائنز نے مقررہ 20 اوور میں کپتان امام الحق، حسن نواز اور خوشدل کی نصف سنچریوں کی بدولت 194/5 کا بڑا مجموعہ درج کیا۔
امام اور حسن نے تیز رفتار 100 رنز کی شراکت کے ساتھ بڑے مجموعہ کی مضبوط بنیاد رکھی، جو 12ویں اوور میں مؤخر الذکر کے آؤٹ ہونے پر ختم ہوئی۔
حسن نے 34 گیندوں پر 4 چوکوں اور3 چھکوں کی مدد سے 50 رنز بنائے۔
امام لائنز کے لیے 48 گیندوں پر7 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 65 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔
خوشدل نے 2 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے صرف 22 گیندوں پر ناقابل شکست 57 رنز بنائے۔
ڈولفنز کی جانب سے سلمان ارشاد نے 3 اور سمین گل نے 2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا.
مشکل ہدف 195 رنز کے تعاقب میں ڈولفنز کی بیٹنگ یونٹ اوپننگ بلے باز صاحبزادہ فرحان کی نصف سنچری کے باوجود آخری اوور میں 159 پر ڈھیر ہوگئی۔
ڈولفنز کی جانب سے فرحان 42 گیندوں پر 54 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جبکہ امین نے 19 گیندوں پر 25 رنز بنائے۔
لائنز کے لیے موسیٰ خان اپنے 4 اوور میں 4/23 کے ساتھ نمایاں باولر تھے، اس کے بعد خوشدل شاہ اور شاہد عزیز نے 2 وکٹ حاصل کیں دوسری جانب محمد اویس انور اور شیرون سراج نے ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا.
خوشدل کو ان کی آل راؤنڈ شاندار کارکردگی کے لیے میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔