ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: بنگلا دیش کے انکار پر آئی سی سی کا ہنگامی اجلاس متوقع
T20 World Cup: ICC to hold emergency meeting over Bangladesh's refusal-BCB
بنگلا دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کی جانب سے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے بھارت نہ جانے کے معاملے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے درخواست پر غور کرنے کا عندیہ دے دیا ہے، تاہم فوری فیصلہ متوقع نہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی سی سی وقت کی کمی کے باعث معاملے کا ابتدائی جائزہ لے گا اور آئندہ دو روز میں آفیشلز کا اندرونی اجلاس متوقع ہے۔
رپورٹ کے مطابق آئی سی سی کے بعض حلقوں کا مؤقف ہے کہ یہ معاملہ بی سی بی اور بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے درمیان ہے، اس لیے آئی سی سی کی مداخلت مناسب نہیں۔ دوسری جانب ایونٹ کے میزبان بی سی سی آئی نے اس معاملے پر اپنی حکومت سے بھی مشاورت شروع کر دی ہے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ بنگلا دیش کے انکار کی صورت میں ایونٹ کے شیڈول میں بڑی تبدیلیاں کرنا پڑ سکتی ہیں، جو اس مرحلے پر آئی سی سی کے لیے ایک مشکل چیلنج ہوگا۔ بھارتی میڈیا میں اس معاملے پر سخت ردعمل سامنے آیا ہے اور یہ دعویٰ بھی کیا جا رہا ہے کہ انکار کی صورت میں بنگلا دیش کو نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے۔
واضح رہے کہ بنگلا دیش کو گروپ سی میں انگلینڈ، ویسٹ انڈیز، نیپال اور اٹلی کے ساتھ رکھا گیا ہے، جبکہ سپر ایٹ مرحلے تک رسائی کی صورت میں شیڈول میں مزید ردوبدل ناگزیر ہوگا۔



