
Shreyas Iyer admitted to ICU due to serious injury-AFP
سڈنی: بھارتی ون ڈے ٹیم کے نائب کپتان شریاس ایئر آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ون ڈے کے دوران فیلڈنگ کرتے ہوئے سنجیدہ نوعیت کی انجری کا شکار ہوگئے، جس کے بعد انہیں سڈنی کے اسپتال کے آئی سی یو میں داخل کیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شریاس ایئر کو کیچ پکڑتے ہوئے پسلیوں میں چوٹ لگی جس کے نتیجے میں اندرونی بلیڈنگ ہوئی ڈاکٹر نے انفیکشن کے خدشے کے پیش نظر انہیں انتہائی نگہداشت میں رکھا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایئر ہفتے کے روز سے آئی سی یو میں زیرِ علاج ہیں اور انہیں دو سے سات دن تک ڈاکٹر کی نگرانی میں رکھا جائے گا ہوائی سفر کی اجازت ملنے کے بعد ہی وہ بھارت واپس روانہ ہوں گے۔
جمعرات کو جاری ہونے والے بی سی سی آئی کے بیان کے مطابق، 25 اکتوبر کو میچ کے دوران فیلڈنگ کرتے ہوئے ائیر کو بائیں پسلی میں چوٹ لگی تھی انہیں مزید جانچ کے لیے فوری طور پر سڈنی کے ایک اسپتال لے جایا گیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسکین سے چوٹ کا پتہ چلا ہے وہ زیر علاج ہیں، طبی طور پر مستحکم ہیں، اور صحت یاب ہو رہے ہیں سڈنی اور بھارت کے ماہرین کے ساتھ مشاورت کے بعد، بی سی سی آئی کی میڈیکل ٹیم ان کی چوٹ کی حالت پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔



