اردو انٹرنیشنل(اسپورٹس ڈیسک) تفصیلات کے مطابق پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی، کا خیال ہے کہ ریٹائرڈ فاسٹ باؤلر محمد عامر اب بھی قومی ٹیم میں واپسی کر سکتے ہیں۔
عامر، نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرتے ہوئے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن9میں شاندار گیند بازی کا مظاہرہ کیا انہوں نے9 اننگز میں 8.41 کی اکانومی سے دس وکٹیں حاصل کیں۔
ایک مقامی نیوز چینل سے بات کرتے ہوئے آفریدی نے کہا کہ عامر پچھلے چار سالوں سے بین الاقوامی کرکٹ نہ کھیلنے کے باوجود پاکستان کے ٹاپ پیسروں کے زمرے میں آتا ہے۔
آفریدی نے کہاکہ عامر آج بھی پاکستانی ٹیم کی لائن اپ میں آسانی سے جگہ بنا سکتا ہے وہ حارث رؤف، نسیم شاہ اور شاہین آفریدی کے زمرے میں آتا ہے عامر میں ابھی کرکٹ باقی ہے اور انہیں پاکستان کے لیے کھیلنا چاہیے.
ایلیمینیٹر 1 میں عامر نے چار اوورز میں 2-20 کا اسپیل کیا تاہم ان کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ سے ہار گئی۔
کمنٹری کے دوران سابق پاکستانی فاسٹ باولر وقار یونس نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی، کو اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف عامر کے اسپیل کو دیکھنا چاہیے۔
واضح رہے کہ عامر نے دسمبر 2020 میں ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا وہ پوری دنیا کی فرنچائز لیگز میں کھیلتے رہے ہیں اور بارہا کہہ چکے ہیں کہ ان کا انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔