
Shaheen Shah Afridi appointed new captain of Pakistan ODI team, Rizwan dismissed-PCB
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پیر کو باضابطہ اعلان کیا ہے کہ فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کو ون ڈے کرکٹ ٹیم کا نیا کپتان مقرر کر دیا گیا ہے وہ وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کی جگہ یہ ذمہ داری سنبھالیں گے۔
یہ فیصلہ اسلام آباد میں ہونے والی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں کیا گیا، جس میں ہیڈ کوچ مائیک ہیسن، ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید اور سلیکشن کمیٹی کے ارکان نے شرکت کی۔
شاہین کی بطور ون ڈے کپتان پہلی اسائنمنٹ جنوبی افریقہ کے خلاف تین میچوں کی ہوم سیریز ہوگی، جو 4 سے 8 نومبر تک فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں کھیلی جائے گی۔
شاہین اس سے قبل جنوری 2024 میں نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز میں ٹیم کی قیادت کر چکے ہیں، تاہم سیریز میں 4-1 سے شکست کے بعد ان کی جگہ دوبارہ بابر اعظم کو ٹی ٹوئنٹی کپتان مقرر کیا گیا تھا۔
محمد رضوان نے بطور ون ڈے کپتان 20 میچز میں ٹیم کی قیادت کی، جن میں سے پاکستان کو 9 فتوحات اور 11 ناکامیاں ہوئیں، جس کے نتیجے میں ان کا کامیابی کا تناسب 45 فیصد رہا ٹی ٹوئنٹی میں بھی قیادت کا موقع ملنے کے بعد وہ چاروں میچز میں ناکام رہے، جس کے بعد انہیں اس فارمیٹ کی کپتانی سے بھی ہٹا دیا گیا۔