شبانہ محمود کو برطانوی وزیر اعظم سٹارمر کی کابینہ میں لارڈ چانسلر، جسٹس سیکرٹری مقرر کردیا گیا
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم کیئر اسٹارمر کے دفتر نے جمعہ کو تصدیق کی کہ پاکستانی کشمیری نژاد برطانوی ایم پی شبانہ محمود کو نئی لیبر حکومت میں لارڈ چانسلر اور سیکرٹری آف اسٹیٹ فار جسٹس نامزد کیا گیا ہے.
شبانہ محمود لارڈ چانسلر کا تاریخی عہدہ سنبھالنے والی پہلی مسلمان اور واحد دوسری خاتون ہوں گی۔
ان کے والدین کا تعلق میرپور، آزاد کشمیر سے ہے۔ وہ اردو اور میرپوری زبان کو روانی سے بولنا جانتی ہیں.
شبانہ محمود کی پیدائش اور پرورش برمنگھم میں ہوئی اور اسکالرشپ پر تعلیم حاصل کی، انہیں گزشتہ سال ستمبر میں شیڈو جسٹس سیکرٹری مقرر کیا گیا تھا۔
ان کی سابقہ شیڈو وزارتی ذمہ داریوں میں امور داخلہ، کاروبار اور بطور شیڈو چیف سیکرٹری برائے خزانہ شامل تھیں۔
شبانہ محمود نے دوبارہ منتخب کرنے پر اپنےوالدین اور اپنے حامیوں کا شکریہ ادا کیا تاہم انہوں نے ان لوگوں کو آڑے ہاتھوں لیا جنہوں نے انتخابی مہم کے دوران انہیں تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اس مہم کے بارے میں بہت کچھ لکھا جائے گا اور ہونا بھی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ان کے خلاف الیکشن مہم ہراساں کرنے اور دھمکی دینے کی مہم تھی، تاہم انکے ساتھی بہادری سے آگے بڑھ گئے۔ میں ہر اس شخص کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جو آگے بڑھتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف ان پر حملہ نہیں تھا،یہ جمہوریت پر حملہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ جذباتی طور پر اختلاف کرنا ہمیشہ قابل قبول ہوگا، لیکن ڈرانا اور دھمکانا کبھی بھی قابل قبول نہیں ہے۔ ہمیں کبھی بھی کسی کو قبول نہیں کرنا چاہیے جو ہمیں خوفزدہ کرے۔
شبانہ محمود نے یہ بات ناز شاہ کو انکے مخالفین کی طرف سے دی جانے والی اسی طرح کی دھمکیوں کے حوالے سے کہی۔
جذباتی انداز میں بات کرتے ہوئے شبانہ محمود نے کہا کہ وہ ان باتوں کو شیئر کرنا چاہتی ہیں جو انکے اور انکے خاندان کے لیے گہری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو ان کے عقیدے سے انکار کرنا، اسے کافر قرار دینا ہرگز قابل قبول نہیں ہے۔ میں جانتی ہوں کہ مسلمان کیسا لگتا ہے، مسلمان میرے جیسا نظر آتا ہے۔ میں جانتی ہوں کہ مسلم اقدار کیا ہیں، مسلم اقدار شائستگی، احترام، مہربانی میری اقدار ہیں اور یہ برطانوی اقدار بھی ہیں.
اپنی تقریر میں شبانہ محمود نے اپنے مخالفین کو چیلنج کیا جنہوں نے ان کو نفرت انگیز مہم کا نشانہ بنایا ،انہوں نے کہا کہ میرے مخالفین نے سوچا کہ وہ ہمیں ڈرا سکتے ہیں لیکن وہ ایسا نہیں کر سکے۔ ان کا خیال تھا کہ وہ ہمیں خاموش کر سکتے ہیں لیکن وہ ایسا نہیں کر سکے۔ ان کا خیال تھا کہ وہ ہمیں ہرا سکتے ہیں لیکن وہ ایسا نہیں کر سکے۔ ہم نے اپنے حلقے اور قومی سطح پر تبدیلی کے لیے مہم چلائی۔ میں تقسیم کی سیاست کو مسترد کرنے اور امید کی سیاست کو اپنانے پر لیڈی ووڈ کے لوگوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔
اپنے مخالفین کی طرف سے بوکھلاہٹ کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ کوئی بھی مجھے نیچا دکھانے میں کامیاب نہیں ہوا ، انہوں نے کہا کہ میں کمیونٹی کی شکر گزار ہوں۔ ہمیں اس تبدیلی کو پہنچانا چاہیے جس کا ہم نے وعدہ کیا ہے، ٹوری حکومت کے 14 سالہ دور حکومت کی تبدیلی جس نے اس حلقے اور بہت سے دوسرے لوگوں پر اپنے تباہ کن نشان چھوڑے ہیں۔
انہوں نے غربت اور بے روزگاری کے مقامی مسائل کو تسلیم کیا، لیکن کہا کہ وہ اس وقت بے اختیار تھیں کیونکہ مرکز میں ٹوری پارٹی کی حکومت تھی۔ انہوں نے کہا کہ اب ہمارے پاس دوبارہ ملک کی خدمت کرنے کا موقع ہے تاہم راستہ مشکل اور لمبا ہو گا۔
شبانہ محمود نے گزشتہ دو سالوں کے دوران ضمنی انتخابات کے دوران لیبر پارٹی کی انتخابی مہم کے سربراہ کے طور پر کام کیا اور 2016 سے لیبر پارٹی کی نیشنل ایگزیکٹو کمیٹی کی رکن ہیں، جو 4 جولائی کے انتخابات کے لیے پارٹی کے منشور کی تیاری میں کلیدی کردار ادا کر چکی ہیں.
شبانہ محمود آکسفورڈ گریجویٹ پہلی بار 2010 میں لیبر ٹکٹ پر منتخب ہوئی تھیں اور تب سے جیت رہی ہیں۔ انہوں نے 15,558 ووٹ لے کر سیٹ جیتی۔ وہ گزشتہ الیکشن 28000 ووٹوں کی اکثریت سے جیتی تھیں۔
توقع ہے کہ شبانہ محمود 17 جولائی کو پارلیمنٹ کے افتتاح سے قبل رائل کورٹس آف جسٹس میں لارڈ چانسلر کے طور پر حلف اٹھائیں گے۔