روس اور شمالی کوریا مغربی بلیک میلنگ کو برداشت نہیں کریں گے، ولادیمیر پیوٹن
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا ہے کہ روس اور شمالی کوریا پر سخت پابندیاں عائد کی گئی ہیں، تاہم وہ مغربی بلیک میلنگ کو برداشت نہیں کریں گے۔
خبر رساں دارے اے ایف پی کے مطابق اپنے دورہ شمالی کوریا کے موقع پر روسی صدر کا کہنا تھا کہ روس اور کوریا کی ایک آزاد خارجہ پالیسی ہے اور وہ بلیک میلنگ اور ڈکٹیٹ کی زبان کو برداشت نہیں کرتے، ہم گلا گھونٹنے والی پابندیوں سے مقابلہ کرتے رہیں گے جسے مغرب نے سیاست، اقتصادیات اور دیگر شعبوں میں اپنی بالادستی کو برقرار رکھنے کے لیے آلے کے طور پر استعمال کرنے کی عادت ڈال لی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ وہ شمالی کوریا کے ساتھ فوجی تکنیکی تعاون کو مسترد نہیں کرتے۔
شمالی کوریا کے کم جونگ اُن کے ساتھ ایک اسٹریٹیجک معاہدے پر دستخط کرنے کے بعد انہوں نے کہا کہ روسی فیڈریشن شمالی کوریا کے ساتھ اس معاہدے کے سلسلے میں فوجی تکنیکی تعاون کو مسترد نہیں کرتا جس پر آج دستخط ہوئے ہیں۔
اس سے قبل شمالی کوریا کے رہنما نے ولادیمیر پیوٹن کو کوریائی عوام کا سب سے دیرینہ دوست قرار دیا تھا۔
انہوں نے کہا تھا کہ شمالی کوریا یوکرین میں روس کی جنگ کی مکمل حمایت کرتا ہے، کم جونگ ان نے بدھ کو دو طرفہ تعلقات میں ایک نئے دور کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ شمالی کوریا یوکرین کی جنگ پر روسی حکومت کی مکمل حمایت اور یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔