
PSL controversy: Ali Tareen's sarcastic response to PCB, tears up legal notice-X
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز ملتان سلطانز کے مالک علی ترین نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے موصول ہونے والے قانونی نوٹس کے جواب میں ایک طنزیہ ویڈیو جاری کر کے بورڈ کے رویے پر سخت تنقید کی ہے۔
پی سی بی نے علی ترین پر پی ایس ایل کے 10 سالہ معاہدے کی متعدد شقوں کی خلاف ورزی اور لیگ کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے الزامات عائد کرتے ہوئے انہیں عوامی معافی اور بیانات واپس لینے کا مطالبہ کیا تھا۔
نوٹس میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ بصورتِ دیگر ملتان سلطانز کا معاہدہ منسوخ کیا جا سکتا ہے اور علی ترین کو لیگ سے بلیک لسٹ کر دیا جائے گا۔
علی ترین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری ویڈیو میں بظاہر معافی مانگتے ہوئے دراصل پی سی بی پر غیر پیشہ ورانہ رویے کا الزام لگایا ان کا کہنا تھا کہ اگر بورڈ میں صلاحیت ہوتی تو جانتا کہ ایسے معاملات قانونی نوٹس سے نہیں بلکہ بات چیت سے حل کیے جاتے مجھے نہ کوئی کال آئی، نہ ای میل، نہ ملاقات کی دعوت — سیدھا قانونی نوٹس بھیج دیا گیا۔”
انہوں نے کہا کہ پی سی بی کے اردگرد ایسے لوگ موجود ہیں جو “صرف جی حضوری کرتے ہیں اور تنقید برداشت نہیں کر سکتے، جبکہ پی ایس ایل صرف چند افراد کی نہیں بلکہ شائقینِ کرکٹ اور پورے پاکستان کی لیگ ہے۔
علی ترین نے طنزیہ انداز میں کہا، میں معافی مانگتا ہوں کہ اوپننگ تقریب پر تنقید کی، حالانکہ ہمارے قومی ستاروں کی لِپ سنگنگ واقعی لاجواب تھی میں تسلیم کرتا ہوں کہ تقریب وقت پر شروع ہو، مائیک کام کرے اور پروگرام وقت پر ختم ہو — یہ میری غیر ضروری خواہش تھی۔”
ویڈیو کے اختتام پر انہوں نے قانونی نوٹس پھاڑ دیا اور کہا کہ امید ہے میری معافی کی ویڈیو آپ کو پسند آئی ہوگی ساتھ ہی انہوں نے مصالحت کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ وہ چاہتے ہیں “چائے اور بسکٹ کے ساتھ بیٹھ کر بات کی جائے کہ یہ لیگ کیسے بہتر بن سکتی ہے۔
واضح رہے کہ پی سی بی نے چند روز قبل ملتان سلطانز کو معاہدے کی خلاف ورزی اور پی ایس ایل کی شہرت کو نقصان پہنچانے پر قانونی نوٹس جاری کیا تھا، جس کے بعد یہ تنازعہ کھل کر سامنے آ گیا ہے۔







