
President Trump thanks Pakistan for helping capture mastermind of Kabul airport attack Photo-AP
امریکی حکام کے مطابق، پاکستان کی خفیہ ایجنسی نے حالیہ دنوں میں امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کی فراہم کردہ معلومات پر کارروائی کرتے ہوئے داعش کے ایک سینئر کمانڈر، محمد شریف اللہ، کو گرفتار کیا ہے۔
محمد شریف اللہ، جسے ‘جعفر’ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، افغانستان اور پاکستان میں داعش کے مرکزی رہنماؤں میں شامل تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ وہ اگست 2021 میں کابل ایئرپورٹ کے ایبی گیٹ پر ہونے والے حملے کی منصوبہ بندی میں ملوث تھا، جو امریکی افواج کے افغانستان سے انخلا کے دوران ہوا تھا۔ اس حملے میں 13 امریکی فوجی اور 170 افغان شہری مارے گئے تھے۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق، ایک امریکی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے حالیہ ویک اینڈ پر ملزم سے تفتیش کی، جس میں اس نے کابل ایئرپورٹ پر ہونے والے بم دھماکے میں اپنے کردار کا اعتراف کیا۔
اس کے علاوہ، شریف اللہ نے مارچ 2024 میں روس کے دارالحکومت ماسکو میں ہونے والے دھماکے سمیت کئی دیگر حملوں کی ذمہ داری بھی قبول کی ہے۔
ایک امریکی عہدیدار نے مزید بتایا کہ شریف اللہ کو پاکستان سے امریکہ منتقل کرنے کا عمل شروع ہو چکا ہے اور امکان ہے کہ وہ بدھ کے روز امریکہ پہنچ جائے گا۔ ایک دوسرے امریکی عہدیدار نے دعویٰ کیا کہ وہ کابل ایئرپورٹ حملے کا ماسٹر مائنڈ تھا اور حملے کی منصوبہ بندی سے لے کر اس پر عمل درآمد تک، تمام مراحل کی نگرانی کر رہا تھا۔
صدر ٹرمپ کی جانب سے پاکستان کا شکریہ ادا کیے جانے کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی رد عمل دیا انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک بیان میں کہا کہ ہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا خطے میں انسداد دہشت گردی کو کوششوں میں پاکستان کے کردار اور حمایت کو تسلیم کرنے اور سراہنے پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں اہم کردار ادا کیا ہے اور پاکستان عسکریت پسند گروپوں کا کسی دوسرے ملک کے خلاف کاروائی کرنے کے لیے محفوظ پناہ گاہوں کی فراہمی کو روکنے پر یقین رکھتا ہے۔ ہم دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے اپنے عزم پر ثابت قدم ہیں۔ اس کوشش میں پاکستان کے اسی ہزار سے زائد فوجیوں اور شہریوں نے جانیں قربان کی ہیں اور ہم علاقائی امن اور استحکام کے لیے امریکہ کے ساتھ قریبی شراکت داری جاری رکھیں گے۔