پی سی بی کا نوید اکرم چیمہ کو ٹیم منیجر مقرر کرنے کا فیصلہ
اردو انٹرنیشنل (اسپورٹس ڈیسک ) تفصیلات کے مطابق مقامی میڈیا نے منگل کو رپورٹ کیا ہےکہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بنگلہ دیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز سے قبل نوید اکرم چیمہ کو ٹیم منیجر مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے،
چیمہ نے حال ہی میں گزشتہ سال آسٹریلیا کے ریڈ بال ٹور اور نیوزی لینڈ کے وائٹ بال ٹور پر ٹیم مینیجر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں جہاں پاکستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
سیریز کے بعد جب محسن نقوی کو پی سی بی کا چیئرمین منتخب کیا گیا تو چیمہ کی جگہ منصور رانا کو ٹیم منیجر جبکہ سابق فاسٹ باولر وہاب ریاض کو سینئر ٹیم منیجر بنایا گیا۔
پاکستان کو بابر اعظم کی کپتانی میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 میں گروپ مرحلے سے باہر ہونا پڑا کیونکہ وہ گروپ مرحلے میں امریکہ اور بھارت سے ہار گئے تھے۔
پاکستان کے ورلڈ کپ سے باہر ہونے کے بعد ریاض اور رانا کو ان کے عہدوں سے ہٹا دیا گیا تھا اور اب محسن نقوی کی قیادت میں بورڈ نے چیمہ کو واپس لانے کا فیصلہ کیا ہے۔
پی سی بی کی جانب سے بنگلہ دیش سیریز کے لیے ٹیم مینجمنٹ کا اعلان آنے والے دنوں میں متوقع ہے۔