
Pakistan's sports federations mobilize against possible actions by the Pakistan Sports Board
اردو انٹرنیشنل (اسپورٹس ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ممکنہ اقدامات کے خلاف پاکستان کی اسپورٹس فیڈریشنز متحرک ہوگئیں۔
پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن (پی او اے) کے اجلاس میں 23 مختلف فیڈریشنز کی جانب سے پاکستان اسپورٹس بورڈ کو مشترکہ خط لکھا گیا ، خط کے متن میں کہا
گیا کہ :-
پاکستان اسپورٹس بورڈ بعض اقدامات کر رہا ہے جو اولمپک چارٹر کے منافی ہے۔ خط میں پاکستان اسپورٹس بورڈ کے الیکشن کمیشن کے ممکنہ قیام اور فیڈریشن کے معاملات میں مداخلت کا ذکربھی کیا گیا ۔
خط میں کہا گیا ہےکہ حکومت متعدد بار انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی کو یقین دلا چکی ہے کہ وہ اسپورٹس فیڈریشن کے معاملات میں مداخلت نہیں کرےگی۔ پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ممکنہ اقدامات فیڈریشنز کے امور کے آزادانہ معاملات میں مداخلت ہوں گے، گزارش ہے کہ ایسے اقدامات پر نظر ثانی کی جائے۔
اس کے علاوہ 23 مختلف فیڈریشنز کی جانب سے پاکستان اسپورٹس بورڈ کو مشترکہ خط میں کہا گیا ہے کہ جو قوانین بنانے ہیں وہ انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی کے چارٹر کے مطابق بنائے جائیں۔ پاکستان اسپورٹس بورڈ کی جانب سے فیڈریشنز کے معاملات میں مداخلت ہوئی تو ہم اپنا الحاق ختم کرسکتے ہیں۔
پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن کے اجلاس میں بھی اس معاملے پر قرارداد منظور کرلی گئی ہے۔