Pakistan beat South Africa by 2 wickets in the first ODI-AFP
فیصل آباد: پاکستان نے جنوبی افریقہ کو پہلے ایک روزہ میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔
اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں 17 سال بعد کھیلے گئے ون ڈے میں مہمان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 263 رنز بنائے، جواب میں پاکستان نے ہدف دو گیندیں قبل 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
سلمان علی آغا نے 62 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا اور پلیئر آف دی میچ قرار پائے دیگر نمایاں بلے بازوں میں محمد رضوان 55، فخر زمان 45 اور صائم ایوب 39 رنز کے ساتھ شامل رہے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے کوئنٹن ڈی کوک 63 اور یوہان ڈی پری ٹوریس 57 رنز بنا کر نمایاں رہے
پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ اور ابرار احمد نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔
شاہین شاہ آفریدی نے پہلی بار ون ڈے ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے کامیاب آغاز کیا سیریز کا دوسرا میچ بھی اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلا جائے گا۔




