Tuesday, October 15, 2024
Homeبین الاقوامینیپال :لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں 2 بسیں دریا میں جا گریں،...

نیپال :لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں 2 بسیں دریا میں جا گریں، 63افراد لاپتا

نیپال :لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں 2 بسیں دریا میں جا گریں، 63افراد لاپتا

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) نیپال میں شدید مون سون بارشوں کی وجہ سے ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں دو بسیں ہائی وے سے دریا میں جا گریں جس سے بس میں سوار کم از کم 63 افراد لاپتا ہو گئے ہیں۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ضلعی عہدیدار کھیمانند بھوسال نے بتایا کہ درجنوں سرچ اور ریسکیو اہلکار وسطی ضلع چتوان میں حادثے سے بچ جانے والوں کی تلاش میں مصروف ہیں۔

کھیمانڈ بھوسال نے کہا کہ بسوں میں کم از کم 66 افراد سوار تھے لیکن تین مسافر ترشولی ندی میں گرنے سے پہلے ہی بس سے نکلنے میں کامیاب ہو گئے اور اب ان کا ہسپتال میں علاج جاری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں لاپتا افراد کی کل تعداد کے بارے میں یقین نہیں ہے کیونکہ ہو سکتا ہے کہ سڑک پر موجود دیگر لوگ بھی بس کے ساتھ دریا میں جا گرے ہوں، دریا بپھرا ہوا ہے اور ابھی تک کوئی نہیں ملا۔

یہ حادثہ جمعہ کو علی الصبح مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 3بجے دارالحکومت کھٹمنڈو سے تقریباً 100 کلومیٹر دور نارائن گھاٹ-مگلنگ ہائی وے پر پیش آیا۔

ایک بس دارالحکومت کھٹمنڈو سے جنوبی نیپال کے ضلع روتاہٹ کے علاقے گوڑ اور دوسری جنوبی بیر گنج سے کھٹمنڈو جا رہی تھی۔

اس کے علاوہ سڑک پر پیش آنے والے ایک اور حادثے میں ایک ڈرائیور بس کی ٹکر سے زخمی ہوا اور ہسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا۔

وزیر اعظم پشپا کمل دہل نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں حادثے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں حکومت کی تمام ایجنسیوں بشمول مقامی انتظامیہ کو ہدایت کرتا ہوں کہ وہ مسافروں کی تلاش کے لیے بھرپور کوششیں کریں۔

نیپال میں ناقص سڑکوں، خراب گاڑیوں اور لاپرواہی سے ڈرائیونگ کی وجہ سے جان لیوا حادثات اکثر رونما ہوتے رہتے ہیں اور سرکاری اعداد و شمار کے مطابق رواں سال اپریل تک گزشتہ 12ماہ میں پیش آنے والے حادثات میں 2400افراد اپنی جان گنوا بیٹھے۔

رواں سال جنوری میں نیپال گنج سے کھٹمنڈو جانے والی بس دریا میں گرنے سے 12 افراد ہلاک اور 24 زخمی ہو گئے تھے۔

مون سون کے سیزن کے دوران سڑک کا سفر انتہائی خطرناک ہوجاتا ہے کیونکہ بارشوں سے نیپال میں لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب آتے ہیں۔

پورے جنوبی ایشیا میں جون سے ستمبر تک ہونے والی مون سون کی بارشیں پانی کی سپلائی کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہیں لیکن اس کے ساتھ ہی بڑے پیمانے پر ہلاکتیں اور نقصانات بھی ہوتے ہیں۔

پولیس کے اعداد و شمار کے مطابق جون میں مون سون شروع ہونے کے بعد سے نیپال بھر میں سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور آسمانی بجلی گرنے سے 88 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

RELATED ARTICLES

Most Popular

Recent Comments