اردو انٹرنیشنل (اسپورٹس ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق قومی خواتین باسکٹ بال چیمپئن شپ 2024، 26 سے 30 دسمبر تک لاہور کے واپڈا سپورٹس کمپلیکس میں شروع ہوگی۔ واپڈا کے زیر اہتمام اور پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کے زیر نگرانی، اس ٹورنامنٹ میں ملک بھر سے خواتین باسکٹ بال ٹیمیں حصہ لیں گی۔ دفاعی چیمپئن واپڈا، جس نے گزشتہ سال ایک سنسنی خیز فائنل میں فتح حاصل کی تھی، اپنے ٹائٹل کے دفاع کے ساتھ واپس آئے گی جبکہ گزشتہ سال کی رنر اپ، اسلام آباد اپنی کارکردگی کو بہتر بنانے اور اس بار چیمپئن شپ جیتنے کے لیے پرعزم ہے۔
چیمپیئن شپ میں حصہ لینے والی ٹیموں میں واپڈا، اسلام آباد، لاہور، آرمی، کراچی، ہزارہ، فیصل آباد اور بہاولپور شامل ہیں۔
یہ ایونٹ نہ صرف قومی خواتین کے اندر چھپے باسکٹ بال ٹیلنٹ کو سامنے لائے گا ، بلکہ خواتین کھلاڑیوں کو فروغ دینے اور انہیں بااختیار بنانے، کھیلوں میں زیادہ سے زیادہ شرکت اور شناخت بنانے کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔