قومی سطح کی سائیکلسٹ اور روئنگ کی کھلاڑی نتالیہ خان 28 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔ ان کے انتقال کی تصدیق صدر پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن سید اظہر علی شاہ نے کی۔
فیڈریشن کے مطابق نتالیہ خان گردوں کے عارضے میں مبتلا تھیں اور لاہور میں سرجری کے بعد صحت یاب نہ ہو سکیں، جس کے باعث ان کی طبیعت مزید بگڑ گئی اور وہ جانبر نہ ہو سکیں۔
سید اظہر علی شاہ نے اپنے بیان میں گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے تمام اراکین اس افسوسناک خبر پر دکھی ہیں اور مرحومہ کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔
نتالیہ خان کو قومی سطح پر سائیکلنگ اور روئنگ کے میدان میں نمایاں خدمات کے باعث یاد رکھا جائے گا۔



