خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں دہشت گردوں نے پولیس چوکی پر حملہ کر کے 2 پولیس اہلکاروں کو شہید کر دیا۔ پولیس کے دونوں شہداء کی لاشیں اسپتال منتقل کی گئی ہیں۔
ڈی پی او کا کہنا ہے کہ فتح خیل چوکی پر دو دن میں دہشت گردوں نے دوسری مرتبہ حملہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی فتح خیل پولیس چوکی پر رات گئے دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا جسے پولیس نے بروقت جوابی کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا تھا۔
پولیس کی جوابی کارروائی میں حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بنوں میں پولیس چوکی پر خوارجی دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کی اور شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ انہوں نے شہید پولیس اہلکاروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا جبکہ زخمی پولیس اہلکار کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔
محسن نقوی نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس کے شہید دونوں اہلکاروں کی قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں، خیبرپختونخوا پولیس دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہر اول دستے کا کردار ادا کر رہی ہے، پولیس کے بہادر سپوتوں نے جانیں دے کر تاریخ رقم کی ہے، خیبرپختونخوا پولیس کے بہادر سپوتوں کی عظیم قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔