اسرائیل اور حماس کے درمیان 4 روزہ جنگ بندی پر اتفاق،مغوی بھی رہا کئے جائیں گے
اسرائیل اور حماس کے درمیان 4 روزہ جنگ بندی کے معاہدے پر اتفاق ہوگیا ہے جس کے تحت حماس کی جانب سے 7 اکتوبر کو مغوی بنائے گئے درجنوں افراد کو رہا کیا جائے گا، دونوں فریقین کی جانب سے اس معاہدے کی تصدیق کی گئی ہے۔
خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کی کابینہ نے رات گئے اجلاس کے بعد اس معاہدے کی منظوری دی، اجلاس میں اسرائیلی وزیر اعظم نے وزرا سے کہا کہ یہ ایک مشکل مگر درست فیصلہ ہے۔
ایک حکومتی ترجمان نے ’اے ایف پی‘ کو بتایا کہ معاہدے کے تحت کم از کم 50 اسرائیلی اور غیرملکی یرغمالیوں (خواتین اور بچوں) کو رہا کیا جائے گا جس کے بدلے میں اسرائیل کی جانب سے فوجی آپریشن 4 روز کے لیے روک دیا جائے گا، ہر 10 اضافی یرغمالیوں کو رہا کیے جانے پر جنگ بندی میں مزید ایک دن کا اضافہ کیا جائے گا۔
حماس کی جانب سے بھی ’جنگ بندی‘ کا خیرمقدم کیا گیا، بیان میں بتایا گیا کہ اسرائیلی جیلوں سے بھی 150 فلسطینیوں کو رہا کیا جائے گا۔
دوسری جانب روس نے بھی اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی معاہدے کا خیرمقدم کیا ہے.
ذرائع کے مطابق روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے کہا ہے کہ روس اسرائیل اور حماس کے درمیان انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کے معاہدے کا خیر مقدم کرتا ہے۔