لارڈز کے میدان میں پاکستان اور انگلینڈ کے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران انگلش براڈ کاسٹر کی جانب سے سابق کپتان عمران خان کے بیٹوں کا انٹرویو نشر کیے جانے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) سے باضابطہ احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔

جمعرات کے روز میچ کے پہلے دن لنچ بریک کے دوران اسکائی اسپورٹس کے لیے سابق انگلش کپتان مائیک ایتھرٹن نے عمران خان کے بیٹوں، سلیمان اور قاسم خان کا انٹرویو لیا تھا، جس میں انہوں نے اپنے والد کی صحت کے حوالے سے خدشات کا اظہار کیا تھا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس سیاسی اور حساس نوعیت کے مواد کی براہ راست نشریات پر پی سی بی نے شدید برہمی کا اظہار کیا، اور اطلاعات کے مطابق بورڈ کی جانب سے احتجاجاً کھانے کے وقفے کے بعد پاکستانی ٹیم کو میدان میں نہ اتارنے کے آپشن پر بھی غور کیا گیا۔

اس تمام صورتحال کے باوجود پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ عوامی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔