
Netflix inks US broadcast deal with FIFA for 2027 and 2031 women's World Cups Photo-Reuters
اردو انٹرنیشنل (اسپورٹس ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق فٹ بال کی عالمی گورننگ باڈی فیفا نے اعلان کیا ہے کہ نیٹ فلکس 2027 اور 2031 کے خواتین فٹ بال ورلڈ کپ کے تمام میچز امریکہ میں نیٹ فلکس پر نشر کیے جائیں گے۔ یہ معاہدہ نیٹ فلکس کی کھیلوں کے میدان میں ایک بڑی پیش رفت ہے، کیونکہ یہ پہلی بار ہوگا کہ نیٹ فلکس کسی عالمی فٹ بال ٹورنامنٹ کو مکمل طور پر نشر کرے گا۔
فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو نے کہا، “نیٹ فلکس نے خواتین کے فٹ بال کو فروغ دینے کے لیے ایک مضبوط عزم ظاہر کیا ہے، اور یہ معاہدہ کھیل کو عالمی سطح پر مزید مقبول بنائے گا۔” نیٹ فلکس ٹورنامنٹ نشر کرنے کے ساتھ ساتھ ان پر ایک خصوصی دستاویزی سیریز بھی تیار کرے گا، جو شائقین کو کھیل کے پس منظر اور کھلاڑیوں کی کہانیوں سے جوڑے گی۔2027 کا خواتین ورلڈ کپ 24 جون سے 25 جولائی تک برازیل میں کھیلا جائے گا، جبکہ 2031 کے میزبان ملک کا فیصلہ ابھی باقی ہے۔
نیٹ فلکس نے اعلان کیا کہ وہ کرسمس کے دن دو لائیو نیشنل فٹبال لیگ ( این ایف ایل) گیمز بھی نشر کرے گا، جبکہ حال ہی میں 100 ملین سے زیادہ لوگوں نے مائیک ٹائسن اور جیک پال کے درمیان ہونے والی لڑائی کو نیٹ فلکس پر دیکھا۔
فیفا نے اس سے قبل 2023 کے خواتین ورلڈ کپ کے نشریاتی حقوق مردوں کے مقابلے سے الگ فروخت کیے تھے، جس کے نتیجے میں کئی ممالک میں اس پر تنازع پیدا ہوا۔ تاہم، یہ ٹورنامنٹ انگلینڈ اور اسپین کے درمیان شاندار فائنل کے ساتھ ختم ہوا، جسے 12 ملین لوگوں نے صرف برطانیہ میں دیکھا۔
یہ معاہدہ نیٹ فلکس کی اس حکمت عملی کا حصہ ہے جس کے تحت وہ خصوصی مواد فراہم کرنے کی کوشش کر رہا ہے، جسے ناظرین کہیں اور نہیں دیکھ سکتے۔