Pakistan’s prominent role in UN peacekeeping missions; Khawaja Asif pays tribute to the sacrifices made.

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) دی نیوز نے اپنی خبر میں رپورٹ کیا ہےکہ وزیر دفاع خواجہ آصف نے عالمی امن کے قیام کے لیے پاکستان کی طویل خدمات اور قربانیوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ سات دہائیوں کے دوران اقوام متحدہ کے 48 امن مشنز میں 2 لاکھ 37 ہزار پاکستانی اہلکار خدمات انجام دے چکے ہیں، جبکہ ان میں سے 183 اہلکار عالمی امن کی کوششوں کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں۔

برسلز میں یورپی پارلیمنٹ کے زیر اہتمام شومان سکیورٹی اینڈ ڈیفنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کی مسلسل شرکت عالمی امن اور سلامتی کے لیے ملک کے عزم، خدمات اور قربانیوں کا واضح ثبوت ہے۔

 ان کے مطابق پاکستان نے کئی دہائیوں سے عالمی سطح پر امن کے قیام اور تنازعات کے خاتمے کی کوششوں میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ عالمی امن کے لیے مؤثر سکیورٹی پالیسیاں تشکیل دینے کی غرض سے مشترکہ سوچ، اجتماعی شعور اور باہمی تعاون ضروری ہے۔

 انہوں نے خبردار کیا کہ تنازعات سے متاثرہ علاقوں میں اقوام متحدہ کے امن مشنز میں اچانک کمی انسانی سلامتی کے خطرات کو مزید بڑھا سکتی ہے۔

خواجہ آصف کے مطابق امن مشنز کے مینڈیٹ حقیقت پسندانہ، مناسب وسائل سے لیس اور پائیدار سیاسی حل سے ہم آہنگ ہونے چاہئیں۔

 انہوں نے زور دیا کہ ان مشنز کے لیے فوجی اور پولیس اہلکار فراہم کرنے والے ممالک کو بھی مینڈیٹ کی تیاری اور اہم فیصلوں میں مؤثر نمائندگی ملنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ انسانی سلامتی کو عالمی امن کی کوششوں کا مرکزی نقطہ بنانا ضروری ہے، کیونکہ امن محض جنگ نہ ہونے کا نام نہیں بلکہ اس کے لیے دیرپا استحکام بھی درکار ہے۔

وزیر دفاع نے موسمیاتی تبدیلی، غذائی عدم تحفظ اور معاشی کمزوریوں کو عالمی تنازعات میں اضافے کے اہم عوامل قرار دیا۔

 ان کا کہنا تھا کہ پاکستان بھی موسمیاتی تبدیلی کے خطرات سے براہ راست متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔

خواجہ آصف نے عالمی برادری پر زور دیا کہ دیرینہ تنازعات بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل کیے جائیں، متاثرہ علاقوں تک انسانی امداد بلا رکاوٹ پہنچائی جائے اور موسمیاتی و ترقیاتی وعدوں پر عمل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک جامع اور مؤثر کثیرالجہتی عالمی نظام کے فروغ میں اپنا کردار جاری رکھے گا تاکہ انسانی وقار، انصاف اور پائیدار امن کو مضبوط بنایا جا سکے۔