Iran’s message to regional countries Do not allow your territory to be used for attacks against any other nation — a key demand from Abbas Araghchi.

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ایران وائر نے اپنی خبر میں رپورٹ کیا ہےکہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ خطے کے ممالک کی سرزمین، فضائی حدود اور تنصیبات کو ایک دوسرے کے خلاف حملوں کے لیے استعمال نہیں ہونا چاہیے۔

 ان کے مطابق علاقائی ریاستوں کو اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ ان کی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف فوجی کارروائیوں کا مرکز نہ بنے۔

عباس عراقچی نے پیر کو پاکستان میں اقتصادی تعاون تنظیم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران جن کارروائیوں کو دفاعی اقدامات قرار دیتا ہے، ان کا ہدف صرف ان کے بقول جارحیت کرنے والوں کی فوجی تنصیبات اور اڈے ہوتے ہیں۔

 انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران کی کارروائیاں ہمسایہ ممالک کے عوام یا حکومتوں کے خلاف نہیں ہیں۔

ایرانی وزیر خارجہ نے خلیج فارس میں عدم تحفظ اور آبنائے ہرمز کے گرد پیدا ہونے والی صورتحال کو امریکا اور اسرائیل کی ایران مخالف پالیسیوں اور مشترکہ اقدامات کا نتیجہ قرار دیا۔

 ان کا کہنا تھا کہ ایران پر عائد پابندیوں نے تہران کے اپنے حقوق کے دفاع کے عزم کو کمزور کرنے کے بجائے مزید مضبوط کیا ہے۔

عراقچی نے خطاب کا ایک بڑا حصہ غزہ کی صورتحال پر بھی صرف کیا۔ انہوں نے گزشتہ تین برس کے دوران غزہ میں پیش آنے والے واقعات کو مکمل نسل کشی قرار دیتے ہوئے اسرائیل پر جنگی جرائم، ممنوعہ ہتھیاروں کے استعمال، فلسطینیوں کی جبری بے دخلی اور انسانی امداد کی ترسیل میں رکاوٹیں ڈالنے کے الزامات عائد کیے۔

انہوں نے مغربی کنارے میں اسرائیلی بستیوں کی توسیع، انتہا پسند آبادکاروں کے حملوں اور فلسطینیوں کو بے دخل کیے جانے پر بھی تنقید کی۔

 عراقچی کے مطابق اسرائیلی جیلوں میں تقریباً 10 ہزار فلسطینی قید ہیں۔ انہوں نے زیرحراست افراد کو جسمانی اور ذہنی تشدد کا نشانہ بنانے اور ان کے ساتھ ناروا سلوک پر بھی تشویش ظاہر کی۔

ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ان کا ملک بین الاقوامی قانون، اقوام متحدہ کے چارٹر اور تنازعات کے پرامن حل کے اصولوں پر کاربند ہے۔

 ان کے بقول گزشتہ دو برس کے دوران ایران نے اختلافات کے حل کے لیے سفارتی روابط اور مذاکرات کا راستہ اختیار کیے رکھا ہے اور سفارت کاری کو تنازعات کے حل کا قابلِ عمل ذریعہ سمجھتا ہے۔

عراقچی نے امریکا پر جارحیت، دھمکیوں اور ہدف بنا کر قتل کرنے کی پالیسی اپنانے کا الزام بھی لگایا۔

 انہوں نے معاشی دباؤ اور بحری ناکہ بندی کو بھی واشنگٹن کے اقدامات کا حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ تمام اقدامات بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی صریح خلاف ورزی ہیں۔