First-ever Muslim enters the US Senate; Abdulaziz Al-Sayed wins in Michigan.

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) دی نیوز نے اپنی خبر میں رپورٹ کیا ہے کہ  امریکی ریاست مشی گن میں ڈیموکریٹ امیدوار عبدالعزیز السید نے ری پبلکن جماعت کے سابق قانون ساز مائیک راجرز کو شکست دے کر سینیٹ کی نشست جیت لی ہے۔ امریکی ٹی وی نیٹ ورکس کی جانب سے کامیابی کا اعلان کیے جانے کے بعد السید نے امریکی سینیٹ کے لیے منتخب ہونے والے پہلے مسلمان رکن کا اعزاز بھی حاصل کر لیا۔

ڈیٹرائٹ میں انتخابی کامیابی کے بعد اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے 42 سالہ السید نے کہا، مشی گن، ہم جیت گئے! ان کا کہنا تھا کہ ریاست کی نمائندگی کے لیے منتخب ہونا ان کے لیے فخر اور اعزاز کی بات ہے۔ ان کی تقریر کے دوران سینکڑوں حامیوں نے خوشی کا اظہار کیا، ایک دوسرے کو گلے لگایا اور انتخابی مہم کے مرکزی دفتر میں جشن منایا۔

نیٹ ورکس کی جانب سے مقابلے کا فیصلہ سنائے جانے کے وقت السید کو مائیک راجرز پر تقریباً چھ پوائنٹس کی برتری حاصل تھی۔ ان کی کامیابی اس لیے بھی اہم سمجھی جا رہی ہے کہ ڈیموکریٹک پرائمری میں شکست کھانے والی کانگریس رکن ہیلی اسٹیونز نے آخری وقت میں ری پبلکن امیدوار راجرز کی حمایت کا اعلان کر دیا تھا۔

السید، جو طبی شعبے سے وابستہ رہے ہیں، نے اپنی انتخابی مہم میں صحت کی سہولتوں کو بنیادی مسئلہ بنایا۔ انہوں نے تمام شہریوں کے لیے یونیورسل ہیلتھ کیئر کی حمایت کی اور وعدہ کیا کہ عام امریکیوں کو علاج کے بھاری بلوں سے نجات دلانے کے لیے موجودہ منافع پر مبنی نظام میں تبدیلی کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے سیاست سے بڑے مالی مفادات کا اثر کم کرنے اور معاشی مشکلات سے دوچار ووٹرز کے مسائل حل کرنے کا بھی وعدہ کیا۔

انتخابی مہم کے دوران السید نے ریاست کے قدامت پسند علاقوں میں بھی بڑے اجتماعات کیے۔ ان کی مہم کو مزدور یونینوں، سماجی کارکنوں اور ترقی پسند حلقوں کی حمایت حاصل رہی۔

ری پبلکن مہم کے دوران انہیں کمیونسٹ اور دہشت گرد قرار دینے جیسے الزامات کا سامنا کرنا پڑا۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور نائب صدر جے ڈی وینس کی جانب سے ان کے عربی نام کا مذاق بھی اڑایا گیا۔ اس کے باوجود وہ کامیاب رہے۔

السید کی جیت کے ساتھ سینیٹ میں 1969 کے بعد پہلی مرتبہ ایک ڈیموکریٹ ڈاکٹر بھی منتخب ہوا ہے۔ انہوں نے اپنی کامیابی کی تقریر میں نائب صدر وینس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آئین کے تحت انہیں جنوری میں حلف دلانا ان کی ذمہ داری ہے۔