برمنگھم: پاکستان کی جانب سے پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے  رضا اللہ نے ایجبسٹن ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں شاندار اور دھواں دار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیسٹ کرکٹ میں ایک بڑا عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے۔

رضا اللہ نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے محض 63 گیندوں پر 81 رنز کی یادگار اننگز کھیلی، جس میں 9 چھکے بھی شامل ہیں۔

اس شاندار کارکردگی کے ساتھ وہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں ڈیبیو میچ پر سب سے زیادہ چھکے لگانے والے مشترکہ دنیا کے پہلے بیٹر بن گئے ہیں۔

اس سے قبل یہ عالمی ریکارڈ تنہا نیوزی لینڈ کے سابق کپتان ٹم ساؤتھی کے پاس تھا، جنہوں نے 2008 میں انگلینڈ کے خلاف نیپیئر میں اپنے پہلے ٹیسٹ میچ کی ایک اننگز میں 9 چھکے لگائے تھے۔

رضا اللہ کی اس ریکارڈ ساز اور پر اعتماد اننگز نے مشکل صورتحال میں پاکستانی ٹیم کو ایک مستحکم پوزیشن فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے، اور ان کے اس جارحانہ آغاز نے دنیائے کرکٹ میں دھوم مچا دی ہے۔