India announces not to play bilateral sports matches with Pakistan-X
نئی دہلی: بھارتی وزارتِ کھیل نے واضح کیا ہے کہ دوطرفہ اسپورٹس مقابلوں کے لیے بھارتی ٹیمیں پاکستان کا دورہ نہیں کریں گی، جبکہ پاکستانی ٹیموں کو بھی بھارت میں دوطرفہ سیریز کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
بھارتی وزارتِ کھیل کے مطابق پاکستان کے کھلاڑی اور ٹیمیں بھارت میں ہونے والے کثیرالملکی ایونٹس میں شرکت کرسکیں گے، تاہم دونوں ممالک کے درمیان براہِ راست دوطرفہ مقابلے فی الحال ممکن نہیں ہوں گے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ موجودہ پالیسی کے تحت دونوں ممالک کی ٹیمیں صرف بین الاقوامی یا ملٹی نیشن ٹورنامنٹس میں ہی آمنے سامنے آسکتی ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ سمیت مختلف کھیلوں میں دوطرفہ تعلقات گزشتہ کئی برسوں سے معطل ہیں دونوں ممالک کی کرکٹ ٹیموں نے 2012 کے بعد کوئی مکمل دوطرفہ سیریز نہیں کھیلی، جبکہ حالیہ مقابلے آئی سی سی اور ایشین ایونٹس یا نیوٹرل وینیوز پر ہی منعقد ہوتے رہے ہیں۔




