پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ I کا دوسرا راؤنڈ اپنے اختتام کو پہنچا ، اس راونڈ کے آخری میچ میں، واٹر اینڈ پاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کو چوتھے دن چار وکٹوں سے شکست دے دی۔ عمر اکمل نے کھیل میں بیک ٹو بیک ففٹی اسکور کرکے اپنی ٹیم کو ٹورنامنٹ کی دوسری جیت حاصل کرنے میں ٹیم کی بھرپور مدد کی۔ دوسری جانب خان ریسرچ لیبارٹریز (KRL) اور سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز (SNGPL) نے گزشتہ روز اپنے اپنے کھیل جیت لیے تھے۔
واپڈا نے کھیل کے چوتھے دن 114-4 کے اسکورکے ساتھ کھیل کا آغاز کیا۔ انہوں نے 220 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مزید دو وکٹیں گنوائیں۔ عمر اکمل (85، 203b، 10x4s) اور ایاز تساور (65، 125b، 10x4s) نے اپنی پانچویں وکٹ کی شراکت کو 98 تک بڑھایا، اور پھر ایاز تساور، عاقب لیاقت کے ہاتھوں آوٹ ہوے۔ بسم اللہ خان (17 ناٹ آؤٹ، 22b، 2x4s، 1×6) نے جیتنے والے رنز بنائے جبکہ واپڈا کے دو سیشن باقی تھے اور چار وکٹیں بھی پاس تھیں ۔ ایچ ای سی کے محمد جنید نے تین وکٹیں لے کر اپنی ٹیم کو کھیل میں برقرار رکھا لیکن یہ بے سود رہا۔ عاقب لیاقت نے بھی دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ تیسرے دن محمد عزاب نے صرف ایک وکٹ حاصل کی۔
دوسرے راؤنڈ کے اختتام پر واپڈا کے کپتان افتخار احمد 386 رنز کے ساتھ بیٹنگ چارٹ میں سرفہرست ہیں جبکہ ان کے ساتھی آصف آفریدی 11 وکٹیں لے کر سب سے زیادہ وکٹ لینے والوں کی فہرست میں سرفہرست ہیں۔
ٹورنامنٹ کا تیسرا مرحلہ 28 دسمبر سے شروع ہوگا۔