
icc-fines-haris-rauf-reports-AFP
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ ایشیا کپ مقابلوں میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر متعدد کھلاڑیوں کے خلاف کارروائی کی ہے۔
پاکستان کے فاسٹ باؤلر حارث رؤف پر 21 ستمبر کو بھارت کے خلاف سپر فور مرحلے کے میچ کے دوران بھارتی شائقین کے ردعمل میں نامناسب اشارے کرنے پر میچ فیس کا 30 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے آئی سی سی نے ان کے رویے کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قرار دیا۔
اسی میچ میں پاکستانی ٹاپ آرڈر بیٹر صاحبزادہ فرحان کو نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد جارحانہ انداز میں جشن منانے پر میچ ریفری رچی رچرڈسن کی جانب سے زبانی وارننگ جاری کی گئی۔
دوسری جانب، بھارت کے ٹی ٹوئنٹی کپتان سوریا کمار یادیو کو 14 ستمبر کو پاکستان کے خلاف گروپ میچ کے بعد متنازعہ ریمارکس دینے پر ان کی میچ فیس کا 30 فیصد جرمانہ ہوا ہے۔ یادیو نے اپنے بیان میں بھارتی فوج کا حوالہ دیا، جسے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کھیل کی روح کے منافی قرار دیتے ہوئے لیول 4 کی خلاف ورزی کی شکایت کے ساتھ آئی سی سی میں تحریری شکایت جمع کرائی۔
ذرائع کے مطابق، پی سی بی نے مطالبہ کیا کہ یادیو کے ریمارکس کرکٹ کی ساکھ کو نقصان پہنچاتے ہیں اور اس پر سخت کارروائی کی جانی چاہیے۔ معاملہ اس وقت مزید حساس ہوگیا جب دونوں ٹیموں نے مبینہ طور پر میچ ریفری کے مشورے پر ٹاس کے دوران روایتی مصافحہ ترک کر دیا۔