بنگلہ دیشی ٹیم دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے لیےجلد پاکستان پہنچے گی
اردو انٹرنیشنل (اسپورٹس ڈیسک ) تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ہفتہ کو تصدیق کی کہ بنگلہ دیش کی مردوں کی کرکٹ ٹیم بالترتیب 21 سے 25 اگست اور 30 اگست سے 3 ستمبر تک راولپنڈی اور کراچی میں ہونے والے دو آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فکسچر کی تیاری کے لیے جلد پاکستان پہنچے گی۔
اصل میں 17 اگست کو اسلام آباد پہنچنے والی بنگلہ دیشی ٹیم اب 13 اگست کی صبح لاہور پہنچے گی۔
ٹیم 14 سے 16 اگست تک قذافی اسٹیڈیم میں ٹریننگ کرے گی اور 17 اگست کو اسلام آباد جائے گی اور 18 سے 20 اگست تک راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریکٹس سیشنز منعقد کرے گی۔
پی سی بی نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کو قبل ازیں اپنی ٹیم بھیجنے کی دعوت دی تھی، اس بات کو یقینی بناتے ہوئے کہ انہیں آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میچوں سے قبل مناسب تربیت کے مواقع میسر ہوں۔
پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ لاہور میں اضافی تربیتی سیشنز کھلاڑیوں کو عالمی سطح پر اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا موقع دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ بی سی بی نے ہماری پیشکش کو قبول کر لیا ہے اور ہم 13 اگست کو لاہور میں بنگلہ دیشی مردوں کی کرکٹ ٹیم کا اپنی روایتی مہمان نوازی کے ساتھ استقبال کرنے کے منتظر ہیں۔
بی سی بی کے چیف ایگزیکٹو نظام الدین چودھری نے بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کو پاکستان میں اضافی تربیت کی اجازت دینے پر پی سی بی کا شکریہ ادا کیا۔
واضح رہے کہ 2020 کے بعد بنگلہ دیش کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہوگا جب انہوں نے لاہور میں3 ٹی ٹوئنٹی اور راولپنڈی میں ایک ٹیسٹ میچ کھیلا تھا۔