اسلام آباد: ایچ نائن اتوار بازار میں آگ بھڑک اٹھی ،500 دکانیں آگ کی لپیٹ میں آگئیں

0
95

اسلام آباد: ایچ نائن اتوار بازار میں آگ بھڑک اٹھی ،500 دکانیں آگ کی لپیٹ میں آگئیں

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ایچ نائن اتوار بازار میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے کئی دکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

تفصیلات کے مطابق بدھ کو تقریباً11بجے کے قریب اتوار بازار ایچ نائن میں آگ لگ گئی جس نے کئی سٹالز کو لپیٹ میں لے لیا ہے۔فائر بریگیڈ کی گاڑیاں آگ بجھانے کے لیے موقع پر پہنچ گئیں ۔

ریسکیو 1122 اور سی ڈی اے کے تقریباً 250 اہلکار آگ بجھانے کی کوششوں میں مصروف رہے۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد رانا وقاص کا کہنا تھا کہ آگ جوتوں اور کپڑوں کے سیکشن میں لگی، جس نے مزید دکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، آگ کی شدت بہت زیادہ تھی جس کے لیے پاکستان نیوی، ایئرفورس، دیگر اداروں سے فائر بریگیڈ کی گاڑیاں منگوائی گئیں۔

دوسری جانب وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد کے بچت بازار میں آگ لگنے کے واقعہ کا نوٹس لے لیا۔

محسن نقوی نے چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا سے رابطہ کیا، وزیرداخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر چیئرمین سی ڈی اے موقع پر پہنچ گئے۔

انہوں نے آگ پر قابو پانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ریسکیو اور فائربریگیڈ کی ٹیم کی تعداد بڑھائی جائے، اضافی وسائل لگا کر آگ پر قابو پانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

وزیر داخلہ نے چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد سے ریورٹ طلب کرلی، جب کہ انہوں نے آگ کے واقعہ کی تحقیقات کا حکم بھی دے دیا۔