آئی ایم ایف پاکستان کے ساتھ اسٹینڈ بائی اریجمنٹ پر دوسرے جائزے کے لیے تیار

0
89
آئی ایم ایف، پاکستان نئے قرض پروگرام پر 'اہم پیش رفت'

آئی ایم ایف پاکستان کے ساتھ اسٹینڈ بائی اریجمنٹ پر دوسرے جائزے کے لیے تیار

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے کہا ہے کہ دوسری کابینہ کی تشکیل کے بعد وہ پاکستان کے ساتھ اسٹینڈ بائی اریجمنٹ پر دوسرے جائزے کے لیے تیار ہے۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کی ڈائریکٹر کمیونیکیشن جولی کوزیک نے صحافیوں کو بتایا ’فی الحال توجہ موجودہ اسٹینڈ بائی اریجمنٹ کی تکمیل ہے جوکہ اپریل 2024ء میں ختم ہوگا، ہم نئی حکومت کے ساتھ میکرو اکنامک استحکام کو یقینی بنانے کے لیے پالیسیوں پر کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے 11 جنوری کو پاکستان کے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ کے پہلے جائزے کی منظوری دی تھی جس میں تقریباً 19 لاکھ ڈالرز کی تقسیم کی گئی تھی۔

یاد رہے کہ اسٹینڈ بائی اریجمنٹ کا مقصد معیشت کو مستحکم کرنا ہے، یہ بالخصوص آبادی کے کمزور طبقات کی حفاظت پر زور دیتا ہے۔

نگران حکومت کی کاوشوں کو اجاگر کرتے ہوئے ڈائریکٹر کمیونیکیشن نے مالی اہداف، سماجی طبقات کے تحفظ اور افراطِ زر کو کنٹرول کرنے کے لیے سخت مالیاتی پالیسی کے لیے نگران حکومت کے عزم کی تعریف کی۔

انہوں نے توانائی کے شعبے کو بہتر بنانے کے لیے ٹیرف میں بروقت ایڈجسٹمنٹ کا بھی اعتراف کیا۔

سیاسی عدم استحکام کے حوالے سے سوال کے جواب میں جولی کوزیک نے سیاست پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا، اس کے بجائے انہوں نے نئی حکومت کے ساتھ تعاون کے لیے آئی ایم ایف کے عزم کا اظہار کیا اور پاکستان کے عوام کے فائدے کے لیے استحکام کو فروغ دینے کے بارے میں امید ظاہر کی۔