
لاہور: پاکستان سپر لیگ کے 11ویں ایڈیشن کے پہلے ایلیمنیٹر میں حیدرآباد کنگزمین نے ملتان سلطانز کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 8 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ سے باہر کر دیا۔
کنگزمین نے 160 رنز کا ہدف 16ویں اوور میں بآسانی حاصل کر لیا معاذ صداقت نے ناقابلِ شکست 64 رنز بنا کر نمایاں کردار ادا کیا اور پلیئر آف دی میچ قرار پائے، جبکہ عثمان خان نے بھی 64 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔
اس سے قبل ملتان سلطانز مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنا سکی، جہاں شان مسعود 69 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
کنگزمین کی جانب سے محمد علی، عاکف جاوید اور حنین شاہ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
اس کامیابی کے بعد حیدرآباد کنگزمین ایلیمنیٹر 2 میں اسلام آباد یونائیٹڈ کا سامنا کرے گی، جبکہ اس میچ کی فاتح ٹیم فائنل میں پشاور زلمی کے مدمقابل آئے گی۔





