
Trump says open to provide Zelenskiy for long range missiles to target deep inside Russia Photo-Reuters
اردو انڑنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی سے ملاقات میں عندیہ دیا ہے کہ وہ کیف کو امریکی ساختہ طویل فاصلے تک مار کرنے والے ہتھیار روس کے اندر اہداف پر استعمال کرنے کی اجازت دینے پر غور کر سکتے ہیں۔
تاہم انہوں نے فوری طور پر اس پابندی کے خاتمے کا کوئی وعدہ نہیں کیا جو کئی ماہ سے عائد ہے۔
یہ ملاقات اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ہوئی جہاں زیلنسکی نے ٹرمپ سے مزید دور فاصلے تک مار کرنے والے میزائل فراہم کرنے اور ان کے استعمال کی اجازت دینے کی درخواست کی تاکہ روسی سرزمین پر حملے کیے جا سکیں۔ رپورٹ کے مطابق ٹرمپ نے اس درخواست کی مخالفت تو نہیں کی، مگر امریکی اور یوکرینی حکام نے واضح کیا کہ صدر نے اس حوالے سے کسی فیصلے یا اعلان کی یقین دہانی نہیں کرائی۔
امریکی اور یورپی حکام کے مطابق واشنگٹن انتظامیہ یوکرین کو ٹوماہاک کروز میزائل سمیت دیگر طویل فاصلے کے ہتھیار دینے پر غور کر رہی ہے۔ اس ضمن میں یوکرینی حکام آئندہ ہفتے واشنگٹن میں امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ سے بات چیت کریں گے۔
ماہرین کے مطابق اگر واشنگٹن نے یہ پالیسی تبدیل کر دی تو یوکرین کو روس کے اندر گہرے اہداف کو نشانہ بنانے کا موقع ملے گا، جس سے جنگ میں ایک بڑی تبدیلی واقع ہو سکتی ہے اور خطے میں مزید کشیدگی کے امکانات بڑھ جائیں گے۔