
نیویارک کے نو منتخب میئر کے ساتھ کچھ نہ کچھ طے کر لیں گے، ٹرمپ کا ممدانی سے ملاقات کا ارادہ
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) عالمی خبر رساں ادارے “اے پی “ کی ایک رپورٹ کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اتوار کے روز اشارہ دیا کہ وہ نیویارک سٹی کے نو منتخب میئر ذہران ممدانی سے ملاقات کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں اور کہا کہ وہ کچھ نہ کچھ طے کر لیں گے۔ جو کہ ری پبلکن صدر اور ڈیموکریٹک سیاسی اسٹار کے درمیان ممکنہ طور پر کشیدگی میں کمی کی علامت ہو سکتی ہے،حالانکہ دونوں ایک دوسرے کو طویل عرصے سے سیاسی مخالف کے طور پر پیش کرتے رہے ہیں۔
ٹرمپ کئی مہینوں سے ممدانی کو تنقید کا نشانہ بناتے رہے ہیں،انہیں غلط طور پر “کمیونسٹ” قرار دیتے ہوئے، اور پیشگوئی کرتے ہوئے کہ اگر یہ ڈیموکریٹک سوشلسٹ منتخب ہو گیا تو نیویارک تباہ ہو جائے گا۔ انہوں نے یہ دھمکی بھی دی تھی کہ وہ ممدانی جو یوگنڈا میں پیدا ہوئے اور بعد میں امریکی شہریت اختیار کی کو ملک بدر کر دیں گے اور شہر کی وفاقی فنڈنگ روک دیں گے۔
ممدانی ایک نسبتاً گمنام ریاستی قانون ساز سے سوشل میڈیا اسٹار تک کا سفر طے کرتے ہوئے ٹرمپ کے خلاف مزاحمت کی علامت بن کر ابھرے۔ انہوں نے اپنی انتخابی مہم میں کئی ترقی پسند پالیسیوں اور ٹرمپ کی سخت مخالف امیگریشن پالیسیوں کے خلاف واضح پیغام پر زور دیا۔ 34 سالہ ممدانی نے نیویارک کے مختلف طبقات کو متاثر کیا اور سابق گورنر اینڈریو کومو جیسے مضبوط سیاسی رہنما کو تقریباً 9 فیصد کے فرق سے شکست دی۔
اپنی انتخابی کامیابی کی تقریر میں ممدانی نے کہا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ نیویارک ملک کو دکھائے کہ صدر کو کیسے شکست دی جاتی ہے۔ لیکن اگلے ہی دن جب وہ جنوری میں عہدہ سنبھالنے کے بعد شہر کو “ٹرمپ پروف” بنانے کے منصوبوں پر بات کر رہے تھے تو آنے والے میئر نے یہ بھی کہا کہ اگر نیویارک کے لوگوں کا فائدہ ہو تو وہ کسی کے ساتھ بھی بشمول صدر کام کرنے کو تیار ہیں۔
اتوار کی رات ممدانی کے نمائندوں نے صدر کے بیان پر فوری تبصرہ نہیں کیا، لیکن ان کے ترجمان نے گزشتہ ہفتے کے اس بیان کی طرف اشارہ کیا جس میں ممدانی نے کہا تھا کہ وہ وائٹ ہاؤس سے رابطہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں “کیونکہ یہ تعلق شہر کی کامیابی کے لیے انتہائی اہم ہوگا۔
ٹرمپ نے بھی اتوار کو اسی طرح کا مؤقف اختیار کیا۔
انہوں نے کہا ہے کہ نیویارک کے میئر میں کہوں گا ہم سے ملنا چاہتے ہیں۔ ہم کچھ نہ کچھ طے کر لیں گے۔ ٹرمپ فلوریڈا میں ویک اینڈ گزارنے کے بعد واشنگٹن واپس جانے کی تیاری کرتے ہوئے صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔
اس کے فوراً بعد وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولین لیویٹ نے وضاحت کی کہ ٹرمپ کا اشارہ ممدانی کی طرف تھا، اور یہ بھی کہ ملاقات کی کوئی تاریخ طے نہیں ہوئی۔
ٹرمپ نے کہا ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ نیویارک کے لیے سب کچھ اچھا ہو۔ٹرمپ کے یہ بیانات اس وقت سامنے آئے جب انہوں نے اشارہ دیا کہ امریکا جلد ہی وینزویلا کے صدر نکولاس مادورو سے بھی بات چیت کر سکتا ہے، جنوبی امریکی ملک کے قریب امریکی فوجی نقل و حرکت کے بعد۔ ٹرمپ نے کہا، “میں کسی سے بھی بات کرنے کو تیار ہوں۔





